مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی، ویڈیو تیار کروا کر رکھ دی، مجھے کچھ ہوا تو قوم کے سامنے آ جائے گی

مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی، ویڈیو تیار کروا کر رکھ دی، مجھے کچھ ہوا تو قوم کے سامنے آ جائے گی
سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے خلاف بند کمروں میں سازش ہو رہی ہے۔ چند دن پہلے مجھے علم ہو چکا ہے کہ میری جان لینے کی سازش ہو رہی ہے۔ ایک ویڈیو ریکارڈ کروا کر محفوظ جگہ پر رکھ دی ہے۔ اگر مجھے کچھ ہوا تو ویڈیو میں ہر سازش کرنے والے بندے کا ذکر موجود ہے۔

سیالکوٹ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر مجھے کچھ ہو گیا تو پاکستانیوں کو پتہ چلنا چاہیے کہ کون کون اس سازش میں ملوث ہے۔ اس ویڈیو میں سازش کرنے والوں کا ذکر ہے۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں سازش کرنے والوں کے نام بتا دیئے ہیں۔ ویڈیو اس لیے ریکارڈ کروائی کہ ملک کا نظام انصاف ٹھیک ہو۔ طاقتور عہدوں پر بیٹھنے والے لوگ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1525523904667975680?s=20&t=aVO_f9BoC0dBMhbl78n0eg

ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستانی نہیں نکلتے تو یہ ملک تباہ ہو جائے گا۔ وہ یہ قبول کر چکے ہیں کہ طاقتور چوری کریں گے اور کوئی پکڑے گا نہیں۔ اگر سب ایک قوم بن کر نہ نکلے اور جہاد نہ کیا تو ہمارا کوئی مستقبل نہیں ہے۔ میں حقیقی آزادی کیلئے قوم سے قربانی مانگ رہا ہوں۔

مسلم لیگ ن کے قائد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جتنے بڑے بزدل تم ہو اتنی بزدل تمہاری پارٹی ہے۔ تمہارے ساتھ ملک کی بڑی بیماری زرداری اور ڈیزل کے پرمٹ بیچنے والا بھی تھا۔ نوازشریف نے آج تک سچ نہیں بولا، مشرف دور میں دم دبا کر باہر بھاگا، اس بار کہا کہ میں بہت بیمار ہوں مرنے والا ہوں مجھے باہر بھیج دو۔ خواجہ وینٹی لیٹر کہتا ہے ہمارا ملک وینٹی لیٹر پر ہے، اس ملک کو وینٹی لیٹر پر کس نے ڈالا؟ ان دو خاندانوں نے ملک کو لوٹ لوٹ کر مقروض کر دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف تم نے زندگی میں ایک کام ایمانداری سے نہیں کیا، نہ کاروبار ایمانداری سے کیا نہ کبھی ایمانداری سے الیکشن لڑا، تم نے کبھی سچ نہیں بولا، لندن میں بیٹھ کر ہر قسم کی سازش کی، وہ سازش یہ ہے کہ عمران خان کی جان لے لی جائے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال کوشش کی کہ جو 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے ان کو سزا ہو، طاقتور عہدے پر بیٹھے تھے، جنھوں نے انصاف کرنا تھا وہ کرپشن کو برا نہیں سمجھتے تھے، اگر آپ ان چوروں کے خلاف نہیں نکلیں گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی ویڈیو میں سب کے نام لیے ہیں کہ کون کون میری حکومت گرانے میں ملوث تھا اور کون آگے یہ سب کرنے جا رہے ہیں۔ لیاقت علی خان کے زمانے سے اب تک کوئی طاقتور مجرم نہیں پکڑا گیا۔ میں چاہتا ہوں کہ قوم کے سامنے سب کی شکلیں آئیں کہ کون کون سازش میں ملوث تھا۔