Get Alerts

متنازعہ ریمارکس پر سی سی پی او لاہور نے مشروط معافی مانگ لی

متنازعہ ریمارکس پر سی سی پی او لاہور نے مشروط معافی مانگ لی
لاہور کے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) عمر شیخ نے موٹر وے گینگ ریپ کیس میں اپنے متنازعہ بیان پر معذرت کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ، سی سی پی او لاہور کے اس متنازع بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا اور لوگوں نے انہیں انکے عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

آج میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا، اگر میرے بیان سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو میں معذرت چاہتا ہوں۔ میں کوئی غلط تاثر پیدا نہیں کرنا چاہتا تھا۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کے معافی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ کس قسم کی معافی ہے کہ اگر میرے بیان پر کسی کو "غلط فہمی ہوئی” ہے تو میں معافی مانگتا ہوں۔ ایڈوکیٹ اسد جمال کا کہنا تھا کہ "سی سی پی او صاحب تو الٹا ان کو صحیح طرح سے سمجھنے والوں پر الزام لگا رہے ہیں کہ ہم نے ان کو misunderstand کیا ہوگا و رنہ انھوں نے تو ایسی کوئ بات نہ کی تھی"۔

https://twitter.com/LegalPolitical/status/1305425846711267329?s=20

سی سی پی او عمر شیخ نے اس خوفناک واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اس خاتون پر ، جنہیں موٹر وے پر دو ڈاکوؤں نے زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ، ان کے راستے کا انتخاب اور سفر کے لئے روانہ ہونے سے پہلے پیٹرول چیک نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔

سی سی پی او نے کہا تھا کہ تین بچوں کی والدہ کو موٹر وے کی بجائے جی ٹی روڈ روٹ پر سفر کرنا چاہیے تھا، جو نسبتا گنجان آباد علاقہ ہے۔

یاد رہے کہ 9 ستمبر کو گوجر پورہ ، لاہور کے قریب گاڑی کی گیس سے ختم ہونے کے بعد ایک عورت کو اپنے بچوں کے سامنے بندوق کی نوک پر دو افراد نے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے بتایا کہ گوجرانوالہ کی رہائشی خاتون ، منگل کی رات لاہور سے شہر واپس آرہی تھی جب اس کی کار کا پیٹرول ختم ہو گیا۔

اطلاعات کے مطابق اس خاتون نے اپنے شوہر کو فون کیا ، جس نے اسے وہاں آنے تک موٹر وے پولیس کو مدد کے لئے فون کرنے کا مشورہ دیا۔ تاہم ، موٹر وے پولیس آپریٹر نے خاتون کی مدد کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی بیٹ کسی کو تفویض نہیں کی گئی تھی۔