معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی قضائے الٰہی سے انتقال کر گئی ہیں۔ مرحومہ عارضہ قلب میں مبتلا تھیں۔ ان کو کچھ روز قبل کراچی کے ایک ہسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا تھا۔
عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے نے اپنی والدہ بلقیس ایدھی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز جنازہ کا اعلان کچھ دیر بعد کیا جائے گا۔
بلقیس ایدھی نے 16 برس کی عمر میں عبدالستار ایدھی مرحوم کے نرسنگ اسکول سے نرسنگ کی تربیت حاصل کی۔ ان کی خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان کی جانب ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے 2015میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی اور معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی بلقیس ایدھی خود بھی ایک سماجی کارکن تھیں، ان کی عمر 74 سال تھی۔
https://twitter.com/CMShehbaz/status/1514975136277217282?s=20&t=cYk0Q124urSIc4tHa_hzgg
وزیراعظم شہباز شریف نے محترمہ بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔ میں ان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے مرحومہ کے درجات بلند کرنے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا بھی کی۔
https://twitter.com/PresOfPakistan/status/1514972656965197833?s=20&t=il0L1VKxL-1o3T_ahIPOgg
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی محترمہ بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آپ نے مرحوم ایدھی صاحب کے مشن کو احسن طریقے سے آگے بڑھایا۔ بلقیس ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔