Get Alerts

پاکستان بھر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے

پاکستان بھر میں بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے
مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے آج 15 اگست 2019 کو بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور وادی میں قابض فوج کے مظالم کے خلاف بھارت کا یوم آزادی سرکاری سطح پر یوم سیاہ کے طور پر منایا جا رہا ہے، کراچی سے لے کر خیبر تک سیاہ پرچم لہرائے جا رہے ہیں۔

اس ضمن میں وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا جس کے مطابق آج ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان، فواد چوہدری، پاک فوج کے ترجمان اور ترجمان وزارت خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجاً اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹس کے ڈسپلے سیاہ کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے وادی میں مزید ہزاروں فوجی تعینات کیے ہیں اور وادی کو جیل میں تبدیل کردیا ہے جبکہ 12 روز سے جاری کرفیو کے باعث مقبوضہ کشمیر کے عوام بد ترین مشکلات کا شکار ہیں۔

گزشتہ روز پاکستانی قوم نے 14 اگست 2019 کو اپنا یوم آزادی بھی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا ہے، اس موقع پر خصوصی لوگو بھی جاری کیا گیا تھا جس میں " کشمیر بنے گا پاکستان" کا نعرہ درج تھا۔