پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما و رکن اسمبلی سندھ شہناز انصاری قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری پر نوشہرو فیروز میں قاتلانہ حملہ ہوا۔ ملزمان نے شہناز انصاری کے قافلے پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انہیں تین گولیاں لگیں اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔
ایم پی اے شہناز انصاری کو تشویشناک حالت میں نوابشاہ ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن ہسپتال جا کر وہ جان کی بازی ہار گئیں۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایم پی اے کے بہنوئی کا اپنے بھائیوں کے ساتھ جائیداد کا تنازع تھا اور انہیں گاؤں سے آنے سے منع کیا گیا تھا لیکن وہ چالیسویں کی تقریب میں گاؤں آئیں اور واپسی پر ان پر حملہ کیا گیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کی شدید مذمت کی ہے۔ بلاؤل بھٹو کا کہنا ہے کہ میں شہناز انصاری کے قتل کی خبر سن کر صدمے میں ہوں۔
چیئرمین بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شہناز انصاری ایک بہترین سیاسی کارکن اور پارٹی کا اثاثہ تھیں، شہناز انصاری کے قتل کی فوری تحقیقات کی جائیں اور قاتلوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میں غم کی اس گھڑی میں شہناز انصاری کے سوگوار اہل خانہ کے ساتھ ہوں۔