Get Alerts

کراچی میں سینیئر صحافی گولی لگنے سے زخمی، آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےصحافی شعیب برنی پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

کراچی میں سینیئر صحافی گولی لگنے سے زخمی، آئی جی نے رپورٹ طلب کرلی

آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے صحافی شعیب برنی پر فائرنگ کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ سےرپورٹ طلب کرلی۔

سینٹرل پولیس آفس سے پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعہ کی مؤثر تفتیش اور چھان بین کرکے ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ترجمان سندھ پولیس نے بتایا کہ صحافی شعیب برنی پر فائرنگ کا واقعہ ابوالحسن اصفہانی روڈ پر پیش آیا اورصحافی شعیب برنی کو طبی امداد کے لیے نجی منتقل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں نجی ٹی وی کے سینئر صحافی اور سٹیشن چیف زخمی ہو گئے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر نامعلوم افراد نے سنو ٹی وی کے کراچی کے سٹیشن چیف شعیب برنی کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق صحافی کسی شادی میں شرکت کے لیے گئے تھے لیکن لکی ون کے قریب وہ گاڑی پارک کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 حملہ آوروں نے فائرنگ شروع کردی۔ ایک گولی ڈرائیونگ سائیڈ کا شیشہ توڑتے ہوئے دائیں ہاتھ پر لگی۔

اس حوالے سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں شعیب برنی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے لکھا کہ صحافی شعیب برنی پر فائرنگ کی مذمت کرتا ہوں۔

کامران ٹیسوری نے ایڈیشنل آئی جی کو اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت بھی کی۔

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر اعجاز احمد ،نائب صدور ناصرشریف ، لبنیٰ جرار، جنرل سیکرٹری عاجز جمالی، جوائنٹ سیکرٹریز رفیق بلوچ، طلحہ ہاشمی، خازن یاسر محمود و مجلس عاملہ کے ارکان نے صحافی شعیب برنی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ ، وزیر داخلہ، آئی جی پولیس مطالبہ کیا کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیاجائے۔

پاکستان ایسوسی ایشن آف پریس فوٹوگرافرز کے صدر محمد جمیل، نائب صدر اعجاز کورائی، جنرل سیکرٹری محمد نعمان، جوائنٹ سیکرٹری محمد عظیم، خازن سید عمران علی و مجلس عاملہ کے ارکان نے شعیب برنی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ملزمان کو فوری گرفتار کرتے ہوئے صحافیوں کوتحفظ فراہم کیا جائے۔