Get Alerts

'شعیب اختر سے ایک بار نہیں ہزار بار معافی مانگتا ہوں' نعمان نیاز کی معافی پر شعیب اختر نے معاف کر دیا

'شعیب اختر سے ایک بار نہیں ہزار بار معافی مانگتا ہوں' نعمان نیاز کی معافی پر شعیب اختر نے معاف کر دیا
سرکاری ٹی وی کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ ایک بار نہیں ہزار بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر سے شو کے دوران آن ائیر کی جانے والی بد تہذیبی پر نعمان نیاز نے معافی مانگ لی جس کے بعد شعیب اختر نے انہیں معاف کر دیا۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے سینئر صحافی رؤف کلاسرا کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام میں آن ایئر جو مجھ سے ہوا اس پر جتنا ردعمل آیا وہ بالکل جائز تھا، وجہ جو بھی تھی آن ایئر یہ سب کرنے کا مجھے حق نہیں تھا، میری غلطی تھی۔

نعمان نیاز نے مزید کہا کہ میں اپنی غلطی پر ایک بار نہیں ہزاروں بار معافی مانگتا ہوں، شعیب اختر سٹار ہیں مجھے ان کی کرکٹ سے محبت ہے۔ ڈاکٹر نعمان نیاز نے مزید کہا کہ پروگرام کے بعد والد نے کہا کہ مجھے تم سے یہ توقع نہیں تھی، تم نے غلطی کی، اس وقت شعیب اختر سٹار اور میں صرف میزبان تھا مجھے معاملہ سنبھالنا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چیز نہیں ہونی چاہیے تھی جس کا میں خمیازہ بھگتنے کے لیے تیار ہوں اور بھگت رہا ہوں۔

https://youtu.be/UE97Tkc4uxQ

دوسری جانب لیجنڈ بائولر شعیب اختر نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ٹی وی سپورٹس کے اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز کو معاف کر دیا ہے۔

نجی ٹیلی وژن کے پروگرام میں شعیب اختر شریک ہوئے اور ڈاکٹر نعمان نیاز کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے قومی اداروں اور قوم کی عزت کی خاطر انھیں معاف کرتا ہوں۔

https://twitter.com/shoaib100mph/status/1456326314693169154

شعیب اختر نے پی ٹٰی وی سے اپنا استعفیٰ دینے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ اس لئے کیا تھا کہ آئندہ کسی بھی سٹار کیساتھ ایسا سلوک نہ کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں کبھی اپنے دل میں کسی کیلئے بھی نفرت نہیں رکھ سکتا۔ پی ٹی وی پر جب میرے ساتھ یہ واقعہ رونما ہوا تو میں نے انھیں وقت دیا کہ وہ معافی مانگ کر معاملے کو ختم کر دیں لیکن جب ایسا نہ ہوا تو مجبوراً مجھے استعفیٰ دینا پڑا۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کے سلسلے میں پی ٹی وی سپورٹس پر جاری پروگرام کی براہ راست نشریات کے دوران اینکر ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر کیساتھ بدتمیزی کرتے ہوئے ان کو پروگرام سے اٹھ کر چلے جانے کا کہا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر نعمان نیاز نے سرکاری ٹی وی کے سپورٹس پروگرام میں غیر ملکی سپر سٹارز کے سامنے شعیب اختر کے ساتھ بد تہذیبی کا مظاہرہ کیا تھا جس پر شعیب اختر نے آن ائیر ہی پروگرام چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پی ٹی وی سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سرکاری ٹی وی کو انکوائری کرنے کی ہدایت دی تھی، جس پر پی ٹی وی کی انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر دونوں کو آف ائیر کر دیا تھا۔