Get Alerts

شعیب اختر، نعمان نیاز تنازع: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے نوٹس لے لیا

شعیب اختر، نعمان نیاز تنازع: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے نوٹس لے لیا
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نے شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان کے درمیان ہونے والے تنازعے کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کر لیا ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کی جانب سے ایک نوٹیکفیکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کمیٹی نے شعیب اختر اور نعمان نیاز کے تنازعے پر 8 نومبر کو دن گیارہ بجے پیمرا ہیڈ کوارٹرز کے کمیٹی روم میں اجلاس طلب کر لیا ہے۔

نوٹیکفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس اجلاس میں پی ٹی وی پر میزبان نعمان نیاز کی طرف سے قومی ہیرو اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر سے کی گئی بد تمیزی پر بحث کی جائے گی۔ سینئر سٹارز کی موجودگی میں پیش آئے اس واقعے کے تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے پی ٹی وی سپورٹس کے چئیرمین و اینکر پرسن ڈاکٹر نعمان نیاز اور سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کو بھی ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔



میٹنگ میں موشن پکچرز ترمیمی بل، ایسوسی ایٹ پریس آف پاکستان کارپوریشن ترمیمی بل، علاوہ ازیں پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولریٹی اتھارٹی پر بھی بحث کی جائے گی۔ ساتھ ہی ساتھ کمیٹی اجلاس میں سینئیر جرنلسٹ ابصار عالم پر ہونے والے حملے، صحافی حامد میر اور عاصمہ شیرازی پر درج ہونے والی ایف آئی آرز کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ کے بعد پی ٹی وی کے شو پر میزبان نے قومی اسٹار شعیب اختر سے بدکلامی کی۔
واقعہ کچھ یوں تھا کہ پروگرام کے بعد پوسٹ میچ تجزیہ کاری کے لئے ڈاکٹر نعمان نیاز پروگرام کی میزبانی کر رہے تھے جس میں شعیب اختر کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے سابق لیجنڈری کھلاڑی ویوین رچرڈز، برطانیہ کے سابق مایہ ناز کھلاڑی ڈیوڈ گاور، پاکستان کی خواتین ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر، سابق کپتان راشد لطیف، سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود، پی ایس ایل ٹیم لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید اور سابق پاکستانی فاسٹ باؤلر عمر گل موجود تھے۔

اس موقع پر شعیب اختر نے لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کو بھی اس حوالے سے کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے کچھ لڑکوں کو بہت تیار کیا ہے۔ نعمان نیاز نے انہیں لقمہ دیا کہ شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز سے پہلے ہی پاکستان کے لئے انڈر 19 کھیل چکے تھے۔

شعیب اختر نے انہیں جواب دیا کہ میں حارث رؤف کی بات کر رہا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے مذاقاً ایک جملے کا مزید اضافہ کرتے ہوئے کہا کہ کم از کم وہ شو کی تیاری کر کے آئے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹڑ نعمان نیاز نے اس بات کا برا مناتے ہوئے فوری طور پر انہیں انتہائی نازیبا انداز میں کہا کہ آپ میرے ساتھ بدتہذیبی سے بات کر رہے ہیں اور اگر آپ کو زیادہ چالاک بننے کا شوق ہے تو آپ یہ شو چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔ میں آپ کو ٹی وی پر براہِ راست کہہ رہا ہوں کہ آپ شو چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔

https://twitter.com/TheHukum/status/1453061468237156357

شعیب اختر ان کی یہ بات سن کر ہکا بکا رہ گئے۔ وہ ابھی کچھ کہنے کے لئے سوچ ہی رہے تھے کہ نعمان نیاز نے بات ثنا میر کی طرف بڑھا دی۔ جس پر شعیب اختر نے انہیں ٹوکا کہ ایک منٹ یہیں رک جائیے۔

https://twitter.com/iamhassan9/status/1453068022768361486

تاہم، کچھ دیر کے بعد پروگرام جب اختتام کے قریب پہنچا تو ڈاکٹر نعمان نیاز نے کہا کہ وہ شعیب اختر سے آصف علی کے متعلق تبصرہ چاہیں گے۔ شعیب اختر نے اس موقع پر اعلان کیا کہ وہ انتہائی معذرت کے ساتھ کہنا چاہتے ہیں کہ وہ پی ٹی وی سے مستعفی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس قسم کا سلوک ان کے ساتھ روا رکھا گیا ہے، انہیں نہیں لگتا کہ اب انہیں اس جگہ پر مزید بیٹھنا چاہیے اور وہ استعفے کا اعلان کرتے ہوئے پروگرام سے اٹھ کر چلے گئے۔