Get Alerts

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، وفاقی کابینہ نے آرٹیکل 6 کی کارروائی کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، وفاقی کابینہ نے آرٹیکل 6 کی کارروائی کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی
وفاقی کابینہ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے غداری کا مقدمہ قائم کرنے سے متعلق کمیٹی تشکیل دیدی۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا جس میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے اور سپریم کورٹ کے تحریک عدم اعتماد سے متعلق تفصیلی فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔

کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلے سے آئین کا تحفظ یقینی ہوا، سپریم کورٹ کا ڈپٹی اسپیکر رولنگ سے متعلق کیس کا فیصلہ قابل ستائش اور سنگ میل ہے۔

ابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کی، اس فیصلے میں اٹھائے گئے نکات پر عمل درآمد اور آرٹیکل 6 (سنگین غداری) کی کارروائی کے لیے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں قائم اس خصوصی کمیٹی میں وزیر داخلہ، اطلاعات، وفاقی وزرا اور تمام اتحادی جماعتوں کے نمائندگی شامل ہوگی، یہ کمیٹی اپنی تجاویز آئندہ کابینہ اجلاس میں پیش کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں قرارداد منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ آئین، جمہوریت، پارلیمنٹ اور عوام کے حق حکمرانی پر شب خون مارنے کا یہ سلسلہ ہمیشہ کے لیے روک دیا جائے، کمیٹی عدالتی فیصلے کی روشنی میں اقدامات تجویز کرے گی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا سابق حکومت نے ہمارے لیے بارودی سرنگیں بچھائیں، حکومت نے دل پر پتھر رکھ کر پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا لیکن جیسے جیسے پیڑول کی قیمتیں عالمی سطح پر کم ہوں گی، ہم عوام کو ریلیف دیں گے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں آئی ایم ایف سے معاہدے پر وزارت خزانہ اور وزیر خارجہ کے کردار کو سراہا گیا، وفاقی کابینہ کا مؤقف ہے کہ ملک تب ترقی کرے گا جب معیشت بہتر ہو گی، حکومت نے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس سے عام عوام کو ریلیف مل رہا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی بتایا کہ کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر غیر ملکی باشندوں کو ایمنسٹی کی منظوری بھی دے دی ہے۔