کیچ، بلیدہ میں صحافی کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

کیچ، بلیدہ میں صحافی کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ
کیچ میں صحافی کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ تاحال لیویز حکام اور اہلکار جائے واقعہ پر نہ پہنچ سکے۔

بلوچستان کے ضلع کیچ کی تحصیل بلیدہ کے علاقے مہناز میں نوجوان صحافی اور ڈیجیٹل نیوز چینل "گدروشیا پوائنٹ" کے نمائندہ صدام آدم اور ان کے چچا کی مشترکہ رہائشگاہ پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ساڑھے 9 بجے نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کی ہے۔

صحافی کے گھر پر حملے کو 24 گھنٹے سے زائد گزرنے کے باوجود ملزمان کی تاحال سراغ نہ لگانے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گئی۔ جبکہ لیویز تھانہ بلیدہ میں تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ایچ او اپنے سٹیشن پرموجود نہیں ہیں جبکہ کل رات سے ابھی تک لیویز فورس سمیت تحصیل انتظامیہ نے جائے واقعہ کا دورہ ہی نہیں کیا.

صحافی صدام آدم کا کہنا ہے کہ گھر کی دیوار اور گیٹ کو کئی گولیاں لگیں، گھر والے معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ میرا اور میرے خاندان کے ساتھ کسی بھی شخص سے کسی بھی قسم کا کوئی دشمنی یا تنازعہ نہیں ہے.

جبکہ سابق سینیٹر ڈاکٹر اسماعیل بلیدی نے صحافی صدام آدم کے گھر آمد کے موقع پر کہا کہ گھر پر فائرنگ بزدلانہ عمل ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ ہر فورم پر مسئلہ اٹھانے اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرتاہوں۔

جبکہ صحافتی حلقے نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان حکومت، ضلع انتظامیہ کیچ اور بلیدہ انتظامیہ واقعہ کی فوری نوٹس لے کر ملزمان کو گرفتار کریں اور بلیدہ کے صحافیوں کو تحفظ فراہم کریں۔