Get Alerts

بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا سبب کیا تھا؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری

بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا سبب کیا تھا؟ پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری
بولی وڈ اداکار 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اداکار کی موت کیسے ہوئی؟

یاد رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ممبئی کے پرتعیش علاقے ویسٹ باندرا میں اپنے فلیٹ میں دوستوں اور ملازمین کی موجودگی میں اپنے کمرے کا دروازہ بند کرکے خودکشی کی تھی۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع پر جائے وقوع کا جائزہ لینے کے بعد بتایا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش شروع کردی گئیں اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال بھیج دیا گیا تھا۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ممبئی کے کوپر ہسپتال کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اداکار کے موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا ہے۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا کہ پھندے کی وجہ سے اداکار کا دم گھٹا، جس وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔ ساتھ ہی بتایا گیا کہ اداکار کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا جو منفی آیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی لاش سے کچھ نمونے لے کر فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے ہیں، جن کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دم گھٹنا ان کی موت کا سبب بتایا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کی آخری رسومات 15 جون کو ممبئی میں ادا کی جائیں گی اور ان کے دیگر اہل خانہ ریاست بہار سے ممبئی پہنچ چکے ہیں۔

سشانت سنگھ راجپوت کا تعلق ریاست بہار کے شہر پٹنا سے تھا، وہ ممبئی میں اکیلے رہتے تھے، ان کی چار بہنیں ہیں جن میں سے ایک ریاست بہار کی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلتی ہیں۔

پولیس کو تاحال اداکار کی رہائش گاہ سے ان کی جانب سے لکھا جانے والا کوئی آخری خط نہیں ملا، تاہم پولیس کو ان کی رہائش گاہ سے ان کے علاج و معالجے کے دستاویزات ملے ہیں جن سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے۔