Get Alerts

خلیل الرحمٰن قمر کو عورتوں کی عزت سے متعلق تعلیم کی ضرورت ہے، اداکارہ سونیا حسین

خلیل الرحمٰن قمر کو عورتوں کی عزت سے متعلق تعلیم کی ضرورت ہے، اداکارہ سونیا حسین
پاکستان فلم اورٹی وی کی معروف اداکارہ سونیا حسین نے کہا ہے کہ معروف ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر کو عورتوں کی عزت سے متعلق تعلیم کی ضرورت ہے۔

جیو نیوز کے کرکٹ شو ’جشن کرکٹ‘ میں بات کرتے ہوئے سونیا حسین نے ایک سوال کے جواب میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی کوئی شخص ٹیلی وژن پر براہ راست کسی معاملے پر گفتگو کر رہا ہو تو اسے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حد سے نہیں گزرنا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ حال ہی میں فردوس عاشق اعوان نے ایک رکن اسمبلی کو تھپڑ رسید کیا، جس پر کافی بحث ہوئی مگر ٹی وی پر خاتون کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالقادر مندوخیل نے فردوس عاشق اعوان سے بدتمیزی کی تھی تو انہوں نے مرد رکن کو تھپڑ مار کر صحیح کیا۔

اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ اس طرح ڈراما لکھاری خلیل الرحمٰن قمر بھی ہیں، جب بھی وہ ٹی وی پر آتے ہیں تو نامناسب باتیں کر رہے ہوتے ہیں۔ وہ مانتی ہیں کہ خلیل الرحمٰن قمر اچھے لکھاری ہیں مگر وہ خواتین سے متعلق غلط باتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خلیل الرحمٰن قمر کو خواتین کے حقوق سے متعلق مزید تعلیم لینے کی ضرورت ہے، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ جو حقوق مرد حضرات کے ہیں وہ خواتین کے بھی ہیں۔

سونیا حسین نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہیں خلیل الرحمٰن قمر کے ڈرامے ’میرے پاس تم ہو‘ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور ساتھ ہی دعویٰ کیا کہ ڈراما ساز انہیں مذکورہ ڈرامے کے علاوہ بھی متعدد ڈراموں میں کام کی پیش کش کر چکے ہیں اور تاحال کرتے آ رہے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ اب انہیں خلیل الرحمٰن قمر کا نام سن کر غصہ آنے لگتا ہے، کیوں کہ وہ غلط دعوے کرتے ہیں۔