میٹا کی زیر ملکیت دنیا کی مقبول ترین انسٹنٹ میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ ہر گزرتے دن اپنے صارفین کیلئے نت نئے فیچرز کے ذریعے اس ایپ کے استعمال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ ایسے میں واٹس ایپ کی جانب سے حریف ایپس سے مقابلے کے لیے ہر ماہ نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔
ایسے ہی ایک نئے فیچر کو جلد واٹس ایپ کا حصہ بنایا جارہا ہے جو صارفین کو چیٹس آرگنائز کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
wabetainfo کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ میں چیٹ فلٹرز کا فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے ساتھ واٹس ایپ کا یوزر انٹرفیس بھی سادہ کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ سہولت مل سکے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ میں آل، ان ریڈ (unread) اور گروپ کے نام سے 3 چیٹ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
جیسا نام سے عندیہ ملتا ہے کہ آل پر کلک کرنے پر آپ کی تمام چیٹس ہوم فیڈ پر نظر آئیں گی۔
اگر آپ ان ریڈ کا انتخاب کریں گے تو صرف وہ چیٹس نظر آئیں گی جن کو آپ نے پڑھا نہیں ہوگا جبکہ گروپ فلٹر پر کلک کرنے سے صرف گروپ چیٹس کو دیکھنا ممکن ہوگا۔
چیٹ فلٹر کے نیچے واٹس ایپ میں لاک چیٹس اور آرکائیو چیٹس تک رسائی کے آپشنز بھی دیے جائیں گے۔
یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں پیش کیا گیا ہے اور وہاں بھی محدود صارفین کو دستیاب ہے تو کمپنی کی جانب سے تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا، یہ کہنا ابھی مشکل ہے۔
اس سے قبل واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ کیپشن فیچر کی آزمائش بھی شروع کی گئی تھی۔
اس فیچر کے تحت چیٹ اوپن کرنے پر یوزر نیم کے نیچے ایک تالے کا آئیکون اور اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ لکھا نظر آتا ہے۔