کوئٹہ: کچلاک مسجد دھماکے میں افغان طالبان کے امیر کا بھائی ہلاک ہوا، الجزیرہ کا دعوی

کوئٹہ: کچلاک مسجد دھماکے میں افغان طالبان کے امیر کا بھائی ہلاک ہوا، الجزیرہ کا دعوی
کوئٹہ: نشریاتی ادارے الجزیرہ نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے کچلاک کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں افغان طالبان کے امیر رہنماء ہیبت اللہ اخونزادہ کا بھائی ہلاک ہوا ہے۔

الجزیرہ  نے طالبان ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ کچلاک کی مسجد ہونے والے دھماکے میں ہیبت اللہ اخونزادہ کے بھائی حافظ احمد اللہ جو مسجد کے پیش امام بھی تھے ہلاک ہوئے احمد اللہ مسجد میں دھماکہ کے وقت خطبہ دے رہے تھے۔

کچلاک کوئٹہ شہر سے شمال میں اندازاً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس علاقے کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے جہاں افغان مہاجرین بھی آباد ہیں۔

ماضی میں امریکی حکام افغان طالبان کے رہنماﺅں بالخصوص افغان طالبان کے کوئٹہ شوریٰ کی اس علاقے میں موجودگی کا الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں تاہم پاکستانی حکام ایسے الزامات کی سختی سے تردید کرتے رہے ہیں۔

ضلع کوئٹہ میں رواں سال نماز جمعہ کے خطبے کے دوران کسی مسجد میں بم دھماکے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل مئی کے مہینے میں کوئٹہ شہر کے علاقے پشتون آباد میں بھی ایک مسجد میں بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔