کابل ایئرپورٹ پر افراتفری کے باعث 5 افراد ہلاک

کابل ایئرپورٹ پر افراتفری کے باعث 5 افراد ہلاک
افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد سے حامد کرزئی ایئرپورٹ پر ملک سے باہر جانے کے خواہشمند افغان شہریوں کے جمع غفیر کے باعث شدید افراتفری دیکھنے میں آئی جبکہ 5 افراد ہلاک بھی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں افراد نے زبردستی طیاروں میں سوار ہونے کی کوشش کی جس کے بعد کم از کم 5 افراد ہلاک ہوگئے لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان افراد کی ہلاکت کیسے ہوئی۔

https://twitter.com/NicolaCareem/status/1427122975971561475

ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ البتہ امریکی سفارتی اہلکاروں اور عملے کو لے جانے کے لیے آنے والی فوجی پرواز میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افغان شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے فوجیوں نے ہوائی فائر کیے تھے۔

20 گھنٹوں سے پرواز کے منتظر ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ان افراد کی ہلاکت گولی لگنے سے ہوئی یا بھگدڑ سے اور ایئرپورٹ پر موجود امریکی عہدیدار بھی اس پر بیان دینے کے لیے دستیاب نہیں ہوئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں 3 لاشوں کو ایئرپرٹ کے احاطے میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ انہوں نے 5 لاشیں دیکھی ہیں۔

اتوار کی رات سے ہی سیکڑوں افغان شہریوں نے ایئرپورٹ کے رن وے پر قبضہ کرلیا تھا اور اپنے سامان سمیت آخری کمرشل پروازوں میں سوار ہونے کی کوششیں کرتے رہے۔

پاکستان جانے کی ایک خواہشمند انسانی حقوق کی رضاکار رخشندہ جلالی نے خبررساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ہمارا ایئرپورٹ ہے لیکن ہم غیر یقینی میں انتظار کررہے اور سفارتکاروں کو انخلا کرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں‘۔

https://twitter.com/pajhwok/status/1427202317535830016

ایئرپورٹ کا انتظام تاحال امریکی فورسز کے پاس ہے جنہوں نے فوجی پرواز میں سوار ہونے کی کوشش کرنے والے افغانوں کو ٹرمک پر جانے سے روکنے کے لیے ہوائی فائر بھی کیے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں افراد نے طیارے میں سوار ہونے کے لیے اوور ہیڈ روانگی گینگ وے پر چڑھنے کی کوشش کی۔دوسری جانب ایک بیان میں ایئرپورٹ حکام نے کہا کہ حامد کرزئی ایئرپورٹ پر تمام کمرشل پروازوں کا آپریشن معطل کردیا گیا ہے، ساتھ ہی عوام پر زور دیا گیا کہ ایئرپورٹ پر ہجوم نہ لگائیں۔

افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کی رپورٹ کے مطابق کابل ایئرپورٹ اتوار کی رات سے ہی لوگوں کے جم غفیر کا سامنا کررہا ہے اور ملک سے باہر جانے کی امید میں تقریباً 2 ہزار افراد ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

اسی دوران امریکی فورسز کی سہولت کے ساتھ انخلا کی کارروائیاں جاری ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی رپورٹ کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کو قابو کرنے کے لیے پیر کو اقدامات اٹھائے گا۔