قومی احتساب بیورو ( نیب) نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے خلاف انکوائری عدم شواہد کی بنیاد پر بند کر دی۔
تفصیلات کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ نے عدم شواہد کی بنیاد پر معاون خصوصی زلفی بخاری کے خلاف انکوائری بند کرنے کی باضابطہ منظوری دی ہے۔
نیب راولپنڈی وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کے خلاف آف شور کمپنیوں کے حوالے سے انکوائری کر رہا تھا۔
زلفی بخاری جون 2018 میں نیب راولپنڈی کے آفس میں مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے تھے، ٹیم نے زلفی بخاری سے آف شور کمپنیوں سے متعلق ڈیڑھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔
دوسری جانب چیئرمین نیب کے زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں توشہ خانے سے تحائف کی گاڑیاں تقسیم کرنے کے الزام میں سابق صدر آصف علی زرداری ، نوازشریف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی
واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو ( نیب) توشہ خانے کی گاڑیوں کے حوالے سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور نوازشریف سے پوچھ گچھ کر چکا ہے۔