اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے نعیم بخاری کو پاکستان ٹیلی ویژن کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کرنے سے روکنے کے بعد وفاقی کابینہ نے انہیں اور پی ٹی وی کے دیگر 2 ڈائریکٹرز کو ہٹا دیا۔
انگریزی اخبار ڈان کی رپورٹ کے مطابق جہاں ایک طرف کابینہ نے ان لوگوں کو عہدے سے ہٹایا وہیں نعیم بخاری کی جانب سے معطل کیے گئے ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور کو دوبارہ بحال کردیا۔
اس ضمن میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے یہ فیصلہ کیا جس میں نعیم بخاری اور دیگر 2 ڈائریکٹرز کو ہٹایا چونکہ یہ 65 برس سے زائد عمر کے ہوچکے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ’درحقیقت اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت سے کہا تھا کہ ان بورڈ آف ڈائریکٹرز کو ہٹائیں جن کی عمر 65 سال سے زیادہ ہے، (لہٰذا) کابینہ نے نعیم بخاری اور دیگر 2 ڈائیکٹرز کو ہٹا دیا‘۔
انہوں نے کہا کہ عامر منظور جنہیں نعیم بخاری نے پی ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹایا تھا انہیں دوبارہ بحال کردیا گیا ہے۔ا
واضح رہے کہ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نعیم بخاری کو پی ٹی وی کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کرنے سے روک دیا تھا۔