انٹرا پارٹی انتخابات: مسلم لیگ ن کے اہم عہدوں کا فیصلہ آج ہوگا

انٹرا پارٹی انتخابات: مسلم لیگ ن کے اہم عہدوں کا فیصلہ آج ہوگا
پاکستان مسلم لیگ ن کے انٹرا پارٹی انتخابات کا انعقاد آج ہوگا۔ نواز شریف بدستور پارٹی قائد کے عہدے پر فائض رہیں گے۔

ن لیگ کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج ڈھائی بجے ن لیگ سیکرٹریٹ اسلام آباد چک شہزاد میں ہوگا جس میں پارٹی کے صدر سمیت مرکزی عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف، پارٹی صدر محمد شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔ مریم نواز شریف اور حمزہ شہباز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

اجلاس میں صوبہ پنجاب، بلوچستان، سندھ ،خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور اسلام آباد کے مرکزی کونسل کے اراکین بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پارٹی کے موجودہ صدر وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ صدر منتخب ہو جائیں گے جبکہ احسن اقبال کا ایک مرتبہ پھر سیکرٹری جنرل کے عہدے پر قائم رہنے کا قوی امکان ہے۔ مریم نواز انتخابی عمل میں بلا مقابلہ چیف آرگنائزر اور سینر نائب صدر منتخب ہوں گی جبکہ حمزہ شہباز کو بھی پارٹی کا سینیر نائب صدر بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی انتخابات کیلئے پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز اسلام آباد پہنچ چکی ہیں۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز (ن) لیگ کے مرکزی جنرل کونسل اجلاس میں شرکت کریں گی۔ جنرل کونسل اجلاس میں پارٹی آئین میں بھی ترامیم لانے کا امکان ہے۔سوشل میڈیا ونگ کو پارٹی آئین میں شامل کرکے باقاعدہ ونگ کا درجہ دیا جائے گا۔

چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایم ایس ایف کی بحالی کا ٹاسک بھی سیکرٹری جنرل کو سونپا تھا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر احسن اقبال ایم ایس ایف کی بحالی کے حوالے سے فریم ورک پیش کریں گے۔