وزیر اعلیٰ پنجاب کی اشتہارات کی مد میں میڈیا ہائوسز اور اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ پنجاب کی اشتہارات کی مد میں میڈیا ہائوسز اور اخبارات کے واجبات کی ادائیگی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کے ضمن میں واجب الادا رقوم کی ادائیگیاں تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ادائیگیوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ کمیٹی میں صوبائی وزراء اطلاعات، خزانہ اور قانون کے علاوہ متعلقہ حکام شامل ہوں گے۔

 کمیٹی 3 روز میں سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگیوں کے پینڈنگ کیسز کی تفصیلات طلب کر لیں۔ اخبارات اور میڈیا ہاؤسز کے واجبات کی ادائیگی کیلئے جامع حکمت عملی اپنا کر فوری اقدامات کئے جائیں گے۔ واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے میڈیا سے وابستہ تنظیموں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب نے آج لاہور میں ایک اجلاس میں پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن کے اساتذہ کے تبادلے کیلئے ای ٹرانسفر پالیسی کی بھی باضابطہ منظوری دی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نئی پالیسی سے اساتذہ کے وقت کی بچت ہوگی اور شفافیت یقینی ہو گی کیونکہ تمام تقرریاں اورتبادلے مکمل طورپر میرٹ کی بنیاد پرہوںگے ۔وزیراعلی نے کہاکہ اساتذہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں اپنی شکایات درج کرائیںگے اور نئے نظام سے خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہاکہ ای ٹرانسفر پالیسی کے نفاذ کے بعد اساتذہ کوتبادلے کیلئے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیںگے ۔