موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے معاملے میں اعتماد میں نہ لینے اور پہلے آئی جی پنجاب کو اپڈیٹ کرنے پر گزشتہ روز سی سی پی او عمر شیخ اور ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر سی سی پی او نے ایس پی سے مراعات واپس لے لی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عاصم افتخار سے ان کی سرکاری گاڑی اوراسٹاف واپس لےلیا گیا تھا تاہم آئی جی پنجاب نے ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔ تاہم اب ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کا تبادلہ کردیا گیا ہے اور انہیں سی آئی اے سے ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹریفک پنجاب تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دونوں افسران کے درمیان ہونے والی گرما گرمی میں ایس پی عاصم افتخار غصے میں میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے تھے اور اس دوران سی سی پی او نے ایس پی کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی دھمکی بھی دی جس پر عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ وہ سپاہی نہیں جو ان کے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے۔