آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، روٹی 10 روپے جبکہ نان 15 روپے کا ملے گا

آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا، روٹی 10 روپے جبکہ نان 15 روپے کا ملے گا
ملک بھر میں آٹے کا بحران  شدت اختیار کر گیا ہے۔ میڈیا پر سامنے آنے والی خبروں کے مطابق متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافےکا عندیہ دیا ہے۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے مطابق اگر آٹے کے بحران پر قابو نہ پایا گیا تو روٹی کی قیمت 10 روپے جبکہ نان کی قیمت 15 روپے کر دی جائے گی۔

https://twitter.com/Drshezrakh/status/1218156610146664448?s=20

یاد رہے کہ روٹی بھی عوام کی پہنچ سے دور، بہت دور ہوگئی، ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 10 کلو آٹا660 روپے سے 700 روپے میں فروخت ہو رہاہے ، گزشتہ 5 ماہ میں 10 کلو آٹا ڈھائی سو روپے تک مہنگا ہوا۔

حکومت فلاور ملز کو 34 روپے 50 پیسے فی کلو کے حساب سے گندم فروخت کر رہی ہے لیکن کراچی میں فائن آٹا 62 روپے کلو میں مل رہا ہے جبکہ چکی والا آٹا بدستور 62 سے 70 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔


سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں بھی آٹے کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جہاں چند روزمیں 10 کلو آٹےکا تھیلا 640 روپے کا ہو گیا۔ لاہور میں چکی ایسوسی ایشن نے آٹا 70 روپے فی کلو فروخت کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

فیصل آباد میں سرکاری کوٹے پر آٹا چکیوں کوگندم کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔ کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 11 سو روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

سوات کے علاقے کانجو میں 6 روپے میں ملنے والی سستی روٹی بھی بند ہو گئی۔