Get Alerts

شانگلہ: ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، دھرنے کی دھمکی

شانگلہ: ناروا لوڈ شیڈنگ کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے، دھرنے کی دھمکی
شانگلہ کی تحصیل پورن آلوچ بازار میں بجلی کی  ناروالوڈشیڈنگ کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ، جماعت اسلامی شانگلہ کے امیر سید غفار خان کی کال پر نماز جمعہ کے بعد کثیر تعداد میں عوام سڑکوں پر نکل آئے۔  پورن مارتونگ روڈ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا گیا۔  جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تحصیل چوک آلوچ میں مظاہرین نے اکھٹے ہوکر منتخب نمائندہ گان،واپڈا اور ذمہ دار حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں 23جولائی2021کو بھرپورقوت کیساتھ سب ڈویژن پورن کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے سمیت دھرنے کی دھمکی دی گئی۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی شانگلہ کے امیر سید غفار خان،مولانا نجم اللہ،تحریک اصلاح معاشرہ کے چیئرمین نورمحمد،جلال الدین،دیان غفار اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی ناروا لوڈشیڈنگ اور لو وولٹیج کا یہ مسئلہ ڈیڈ لائن تک حل کیا جائے بصورت دیگر ہم حقوق کی حصول کیلئے قربانی یا کسی قدم اٹھانے سے دریغ نہیں کرینگے۔ اور عوام کا سمندر سڑکوں پر نکال کر حکمرانوں کے کالے کرتوت عوام کے سامنے لائینگے کہ کس طرح جدید دور میں بھی شانگلہ کو پسماندہ رکھا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو صارفین بجلی بلز کی ادائیگی کرتے ہیں انکوں بجلی کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے اور عدم ادائیگی کرنے والے صارفین کو قانون کے کٹھرے میں کھڑا کرکے عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ لیکن مزید یہ منظق قابل برداشت نہیں کہ سب ڈویژن پورن کے لوگوں کے اوپر واپڈاوالوں کے بقایاجات ہیں کیونکہ بجلی چوروں کو پکڑنا حکومت وقت اور واپڈا حکام کا کام ہے۔ کیونکہ جہاں حکومت کی رٹ چیلنج ہو وہ ریاستیں پائیدار نہیں ہوتیں اور غاصب لوگ مظلوم کے حقوق پر ڈاکہ ڈالے ہوئے ہیں لیکن حکام بالا کے نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ منتخب نمائندہ گان نے ووٹ حاصل کرنے کے بعد مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے عوام سے جھوٹے وعدوں کے عوض ووٹ حاصل کرکے اسمبلی تک پہنچے لیکن اب وہ اپنے اثاثے بڑھانے میں مصروف ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے منتخب نمائندہ گان اسلام آباد سے تعلق رکھتے ہیں۔ انکو ملک کے دیگر مسائل کا علم ہے لیکن اپنے ضلعے کے مسائل سے بے خبرہیں۔ سید غفارخان نے مزید کہا کہ خان خوڑاور دیگر بجلی گھروں سے ضلع میں بجلی کی بحران پر قابو پایا جاسکتا ہے لیکن افسوس ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے نااہل ممبران اسمبلی بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں پلاسٹک پائپ، بجلی کھمبوں اور ٹرانسفرمر کی سیاست کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے ہمارے حکمران لوگوں کو لالچ دیکر ووٹ حاصل کرتے ہیں اور پھر حلقے سے غائب ہوجاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ڈیڈلائن تک مسئلہ حل نہ ہوا تو بھرپور قوت کیساتھ دوبارہ نکل کر زبردستی اپنا حق چھینیں گے اور مزید اپنے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔