چئیرمین نیب نازیبا ویڈیو اسکینڈل، طیبہ گل احتساب عدالت میں پیش

چئیرمین نیب نازیبا ویڈیو اسکینڈل، طیبہ گل احتساب عدالت میں پیش
لاہور (نیا دور) چئیرمین نیب کی مبینہ نازیبا ویڈیو بنانے اور لیک کرنے والی خاتون طیبہ گل اپنے شوہر کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوئیں، دونوں میاں بیوی کے خلاف چئیرمین نیب کی ہدایت پر فراڈ کا ریفرنس دائر کیا گیا ہے۔

قومی احتساب بیورو کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مبینہ نازیبا ویڈیو اور کال لیک کرنے والی خاتون طیبہ گل آج احتساب عدالت لاہور میں پیش ہوئیں، جہاں ان کیخلاف فراڈ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ طیبہ گل کے شوہر فاروق نول کو بھی مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں پیش کیا گیا جو اس وقت فراڈ الزام میں گرفتار ہیں۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے ایک ہفتے میں ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر طیبہ گل نے عدالت سے درخواست کی کے ریفرنس کی کاپیاں آج ہی فراہم کی جائیں۔ جس پر احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ پہلے یہ دیکھ لیں کے کاپیاں مکمل ہیں یا نہیں، اس کے بعد آپ کو دے دی جائیں گی۔ طیبہ گل نے احتساب عدالت میں اصرار کیا کہ ریفرنس کی کاپیاں آج ہی فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنے شوہر کی رہائی کے لیے ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کر سکیں۔ جس پر عدالت نے ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

خیال رہے کہ اس ریفرنس میں طیبہ گل ضمانت پر رہا ہیں جبکہ ان کے شوہر جیل میں ہیں۔ دونوں میاں بیوی کے خلاف فراڈ کا ریفرنس چئیرمین نیب کی ہدایت پر دائر کیا گیا ہے۔عدالت نے طیبہ کے شوہر فاروق نول کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ 23 مئی کو ایک نجی ٹی وی چینل نے ویڈیو اور آڈیو نشر کی تھیں جس میں مبینہ طور پر چئیرمین نیب کو ایک خاتون سے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔ اس اسکینڈل کے سامنے آنے کے بعد نیب کی جانب سے ان آڈیوز اور ویڈیوز کی تردید کی گئی جبکہ نجی ٹی وی چینل نے بھی اپنی خبر پر معذرت کی اور کہا کہ یہ خبر سیاق و سباق سے ہٹ کر نشر ہوئی ہے۔ نیب کی پریس ریلیز میں یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ اس اسکینڈل کے پیچھے ایک منظم گروہ ملوث ہے جو اہم عہدوں پر بیٹھے افراد کو بلیک میل کرتا ہے۔