پی ٹی آئی حکومت کی شاہ خرچیوں کی حیران کن رپورٹ سامنے آگئی

پی ٹی آئی حکومت کی شاہ خرچیوں کی حیران کن رپورٹ سامنے آگئی
سابق وزیراعطم عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی وی وی آئی پی کلچر ختم کرنے اور سادگی کے دعوے کئے تھے لیکن یہ صرف بیان بازی تھی، ان کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں ان میں سے کسی ایک پر بھی عمل نہیں ہو سکا تھا۔

نیویارک میں نیم دیوالیہ پی آئی اے کے روز ویلٹ ہوٹل کیس پر 10 ارب13 کروڑ خرچ ہوگئے، برٹش ورجن آئی لینڈ کی عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ نیویارک امریکا میں قومی ایئر لائن پی آئی اے کے ملکیتی ہوٹل روز ویلٹ کی کرکی کرلی جائے، پاکستان کی جانب سے صرف قرقی کو روکنے کے لئے کیس لڑا گیا اور وکیل کو فیس کی مد میں ساڑھے 27 کروڑ کی رقم ادا کی گئی۔

صرف قرقی کے خوف سے پاکستانی حکومت نے ہوٹل پر امریکی ٹیکسز، نیویارک سٹی فیس اور عملے کی بقایا تنخواہوں کی مد میں 10 ارب روپے خرچ کردیئے گئے۔

موجودہ وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف پی ٹی آئی حکومت نے انگلینڈ میں مقدمہ کیا۔ ایسٹ ریکوری یونٹ کی جانب سے 11 دسمبر 2019ء کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ لندن میں درخواست جمع کرائی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ شہباز شریف اور سلیمان شہباز کے اکاؤنٹس منجمد کئے جائیں۔

سماء ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق 21 ماہ کی تحقیقات میں شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بینک اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ، کرپشن اور مجرمانہ سرگرمیوں کا کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا، اور کیس پر کام کرنے والے وکیل کی فیس کی مد میں پاکستانی قوم کے 6 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اخراجات مٹی ہوگئے۔

خبر ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے بہت آواز اٹھائی، تاہم اس میں بھی پاکستان کو سوائے نقصان کے کچھ حاصل نہ ہوا، عمران خان نے صدرمملکت عارف علوی کو ذمہ داری سونپی تھی کہ وہ اس حوالے سے مشورے کریں اور کوئی حل نکالیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے مختلف ماہرین اور کمپنیوں سے میٹنگ کی اور مشورے کئے، اور الیکٹرانک ووٹنگ کے لئے صرف مشورہ مہم پاکستان کو 38 کروڑ 78 لاکھ روپے میں پڑی۔ گزشتہ ماہ قومی اسمبلی میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا قانون ہی ختم کردیا گیا، جس کے بعد مشوروں پر لگی 38 کروڑ روپے کی رقم بھی ضائع ہوگئی۔

عمران خان نے اپنے دعوؤں کے برعکس وزیراعظم ہاؤس کی تزئین و آرائش پر ہی 10 کروڑ 66 لاکھ روپے اڑا دیئے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ کے لئے بھی 15 کروڑ 53 لاکھ روپے کی منظوری عمران خان نے دی۔ منسٹر انکلیو میں مرمت و بحالی پر 9 کروڑ 64 لاکھ روپے کے اخراجات کئے گئے۔