Get Alerts

بریکنگ نیوز: کرونا وائرس کا مشتبہ مریض میو ہسپتال میں دم توڑ گیا

بریکنگ نیوز: کرونا وائرس کا مشتبہ مریض میو ہسپتال میں دم توڑ گیا
لاہور کے میو ہسپتال میں پنجاب کے شہر حافظ آباد سے تعلق رکھنے والا کرونا وائرس کا مشتبہ مریض انتقال کر گیا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے مشتبہ مریض عمران کو حافظ آباد سے میو ہسپتال لایا گیا تھا۔ 50 سالہ عمران نے ایران اور مسقط کا سفر کر رکھا تھا، اور انہیں نزلہ، زکام اور سانس میں دشواری کا سامنا تھا۔

سی ای او میو ہسپتال کے مطابق مشتبہ مریض کو بلیڈنگ کی بھی شکایات تھیں۔ مریض کے کرونا ٹیسٹ کے لیے نمونے اسلام آباد بھجوائے تھے، وائرس ٹیسٹ کی حتمی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے، جبکہ مریض کی آج صبح وفات ہو گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ متاثرہ شخص تفتان بارڈر کے ذریعے ایران سے لوٹا تھا جس نے 14 روز قرنطینہ میں گزارے تھے۔

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت نے دعویٰ کیا ہےکہ کرونا کا مشتبہ مریض غلام عمران تفتان بارڈرکے ذریعہ پاکستان پہنچا تھا، غلام عمران کو قرنطینہ میں نہیں رکھا گیا اور صرف اسکریننگ کرکے پنجاب میں داخل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومتی اقدامات صرف تقریروں اور پریس کانفرنسوں تک ہی محدود ہیں۔ بالخصوص پنجاب حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات ناکافی ہیں جس سے پنجاب میں وائرس کے پھیلاؤ کا شدید خطرہ ہے۔