Get Alerts

پی ایس ایل میں شریک انگلش بلے باز ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف

پی ایس ایل میں شریک انگلش بلے باز ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انگلش بلے باز ایلکس ہیلز میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

رمیز راجہ نے مزید بتایا کہ تمام براڈ کاسٹرز کے کرونا وائرس کے ٹیسٹ ہوں گے۔ پی سی بی نے بروقت فیصلے کئے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا اس وبا کی لپیٹ میں ہے۔ پوری قوم کو اس مشکل وقت میں اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل کو یقینی بنائیں اور کوشش کریں کہ ایک دوسرے کا خیال کیا جائے۔ دنیا کے بڑے بڑے نام اس وائرس کی زد میں آئے ہیں۔ امید ہے کہ اللہ رب العزت ہم پر اور پوری انسانیت پر رحم کرے گا۔

دوسری جانب  پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس کے خدشے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز فوری طور پر ملتوی کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ پی ایس ایل کا پہلا سیمی فائنل مقابلہ آج لاہور میں ملتانز سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونا تھا جب کہ دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جانا تھا۔ پہلا سیمی فائنل دوپہر 2 بجے اور دوسرا سیمی فائنل شام 7 بجے کھیلے جانا تھا لیکن آج کے میچز کو فوری ملتوی کر دیا گیا ہے جب کہ فائنل کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ ختم کرنے کے فیصلے پر شعیب اختر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں ہر جگہ لاک ڈاؤن ہو گیا ہے، تقریبات منسوخ ہو گئی ہیں، پی ایس ایل ایک ہفتہ پہلے منسوخ کر دینا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ پہلے پی ایس ایل منسوخ کر کے کہنا چاہیے تھا ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ کراوڈ کے بغیر کوئی مزہ نہیں، یہ پی سی بی کا اچھا اقدام ہے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث سب سے پہلے ایونٹس کے میچز بغیر تماشائیوں کے کروانے کا اعلان کیا گیا تھا پھر بعد میں اس کے میچز محدود کر دیے گئے۔