وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سنٹرل ماڈل سکول کو ’گرین بلڈنگ‘ قرار دینے کی ہدایات

وزیراعلیٰ محسن نقوی کی سنٹرل ماڈل سکول کو ’گرین بلڈنگ‘ قرار دینے کی ہدایات
نگران وزیراعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے سنٹرل ماڈل سکول کی عمارت کو ’گرین بلڈنگ‘ قرار دینے کی ہدایات جاری کر دیں۔

نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سنٹرل ماڈل سکول لاہور کے امور پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سکول کے زیرتعلیم طلبہ کو داخلوں میں ترجیح دینےکی ہدایت کی جبکہ طلبہ کو کلاس 6 سے 10 اور او لیول کے داخلہ ٹیسٹ میں 10 نمبر اضافی دیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سنٹرل ماڈل سکول کی عمارت کو ’گرین بلڈنگ‘ قرار دینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ اس کے علاوہ تعمیر و بحالی کےدوران سکول میں درخت کاٹنے پر پابندی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں سکول کی بلڈنگ کو نجی شعبے کے اشتراک سے سولر انرجی پر منتقل کرنے کی تجویز بھی زیرِ بحث لائی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکول کی تاریخی عمارت کے قدیمی حسن تعمیر کو برقرار رکھا جائے۔ طلبہ کو مفت یونیفارم، شوز اور اسٹیشنری فراہم کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنٹرل ماڈل سکول کے نئے پراجیکٹ میں طلبہ سے کوئی فیس نہیں لی جائے گی اور کیمبرج کے طلبہ کو تمام کتابیں مفت فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔ اس کے علاوہ ہر طالبعلم کو 2 ہزار ماہانہ سکالر شپ اور 250 روپے روزانہ کنوینس الاؤنس بھی دیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سنٹرل ماڈل سکول میں امتحانات کیلئے 16 ہزار سے زائد طلبہ رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔

اجلاس میں صوبائی وزراء منصور قادر، عامر میر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹریز سکول ایجوکیشن، سی اینڈ ڈبلیو، قانون، انفارمیشن اور ایس اینڈ جی اے ڈی نے بھی شرکت کی۔ اس کے ساتھ ساتھ چیئرمین پی آئی ٹی بی، ڈپٹی کمشنر، ایم ڈی دانش سکول اتھارٹی، چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ،سی ای او ایجوکیشن اور ڈی جی پی آر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔