امریکی ریاست مشی گن کے جزیرے بیور میں ہفتے کے روز ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس میں سوار چار افراد ہلاک تاہم ایک گیارہ سالہ بچی زندہ بچ گئی تھی جسے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا تھا۔ حادثے کے وقت اس بچی کو والد نے گلے لگا لیا تھا جس سے وہ زندہ رہنے میں کامیاب رہی۔
اس بچی کا نام لینی پرڈیو بتایا جا رہا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسے جب لایا گیا تو اس کی حالت تشویشناک تھی لیکن اب وہ صحتیاب ہو رہی ہے۔ یہ بچی اپنے والد اور دیگر مسافروں کیساتھ جس طیارے میں سوار تھی وہ جزیرہ بیور کے ہوائی اڈے پر گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں چاروں مسافر زندہ نہیں بچ سکے تھے۔
لینی اس افسوسناک طیارہ حادثے میں زندہ بچنے والی واحد مسافر ہیں کیونکہ ان کے والد، مائیک پرڈیو نے انہیں جکڑ کر سینے سے لگا لیا تھا۔ یہ اس بچی کی حادثے سے پہلے کی آخری یادداشت ہے۔
یہ طیارہ جڑواں انجن والا تھا جو مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 30 منٹ پر ہوائی اڈے پر لینڈ کر رہا تھا لیکن اچانک گر کر تباہ ہو گیا۔ انتظامیہ نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ طیارے میں پانچ افراد سوار تھے جن میں لینی اور ان کے والد مائیک بھی سوار تھے۔
اس حادثے میں ایک جوڑا بھی ہلاک ہوا جن کی 35 سالہ کیٹ لیز اور 37 ایڈم کینڈل کے نام سے شناخت ہوئی ہے۔