Get Alerts

احمدیہ ہال کراچی کے باہر مشتعل ہجوم نے بہیمانہ تشدد کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا

جمعہ کی عبادت کے لئے مقامی احمدی حسب معمول جمع ہوئے۔ ایک مشتعل ہجوم نے عبادتگاہ کا گھیراؤ کیا اور عبادت کے لئے جاتے لئیق احمد کو تشدد کر کے قتل کر دیا۔

احمدیہ ہال کراچی کے باہر مشتعل ہجوم نے بہیمانہ تشدد کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا
  • جمعہ کی عبادت کے لئے مقامی احمدی حسب معمول جمع ہوئے۔ ایک مشتعل ہجوم نے عبادتگاہ کا گھیراؤ کر لیا۔
  • احمدیوں پر قاتلانہ حملوں، عبادت گاہوں، قبروں کی مسلسل بے حرمتی اور احمدیوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات سے وطن عزیز کا نام عالمی برادری میں گہنا رہا ہے: ترجمان جماعت احمدیہ

جمعہ 18 اپریل کو تھانہ پریڈی کی حدود میں احمدیہ ہال کراچی کے باہر ایک احمدی لئیق احمد چیمہ، عمر 46 سال، کو ہجوم نے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جان سے گزر گئے۔

تفصیلات کے مطابق احمدی عبادت گاہ میں مقامی احمدی حسب معمول جمعہ کی عبادت کے لئے جمع ہوئے۔

اس موقع پر تحریک لبیک سے وابستہ ایک متشدد ہجوم نے احمدیہ عبادت گاہ کا گھیراؤ کر لیا اور نعرے بازی شروع کر دی۔ اس دوران لئیق احمد چیمہ صاحب جو عبادت گاہ سے تقریباً 150 میٹر دور تھے، ان کو مشتعل ہجوم نے پہچان کر ان پر اینٹوں اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔ بہیمانہ تشدد کے نتیجے میں وہ موقع پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ان کے پسماندگان میں 2 بیوہ، 3 بیٹے اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔

ڈی آئی جی پولیس سید اسد رضا کے مطابق موبائل مارکیٹ کے قریب تحریکِ لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے تعلق رکھنے والے تقریباً 400 افراد جمع ہوئے۔ ان کے مطابق یہاں پولیس اور رینجرز کے اہلکار پہلے سے موجود تھے کیونکہ اس قسم کے واقعات حالیہ عرصے میں شاہ لطیف، سرجانی اور کھوکھراپار میں بھی پیش آئے ہیں۔

اسد رضا کے مطابق پولیس، رینجرز اور ضلعی انتظامیہ نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے عبادت گاہ کے اندر موجود لوگوں کو ہجوم سے بچایا۔ تاہم، کمیونٹی ہال سے کچھ فاصلے پر موجود آٹو پارٹس مارکیٹ میں ٹی ایل پی کارکنان نے لئیق احمد چیمہ نامی شخص کو گھیر کر اس پر تشدد کیا جسے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن یہ جان بر نہ ہو سکا۔

ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے جمعہ کے روز متشدد ہجوم کے ظالمانہ تشدد سے لئیق احمد چیمہ صاحب کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سماج میں احمدیوں کے خلاف مسلسل نفرت پھیلائی جا رہی ہے اور کھلے عام احمدیوں کے قتل کے فتوے دیے جاتے ہیں۔ گذشتہ چند ماہ سے تحریک لبیک کے شرپسند عناصر احمد ی عبادت گاہوں کا گھیراؤ کر رہے ہیں اور انتظامیہ ان کے لایعنی مطالبات پر چار دیواری کے اندر عبادت کرنے والے احمدیوں کو مقدمات درج کر کے احمدیوں کو بلاوجہ گرفتار کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ مذکورہ احمدیہ ہال کراچی پر 2 فروری 2023 اور 4 ستمبر 2023 کو شرپسند عناصر نے حملہ کر کے اس کے میناروں کو مسمار کر دیا تھا۔

ترجمان جماعت احمدیہ نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 20 میں شہریوں کی مذہبی آزادی کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی ضمانت دی گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ  محب وطن احمدیوں کے خلاف مسلسل اس طرح کے گھناؤنے اقدامات سے وطن عزیز کا چہرہ عالمی برادری میں گہنا رہا ہے۔

ترجمان نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ لئیق احمد چیمہ صاحب کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔