سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف خصوصی عدالت کے فیصلے پر بین الاقوامی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کا ردعمل بھی سامنے آ گیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو اپنے دور میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا جواب دینا ہو گا کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اپنے مؤقف میں مزید کہا کہ پرویز مشرف کو سزائے موت سے قبل یقینی بنایا جائے کہ انصاف کے تقاضے پورے ہوں۔
یاد رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے 17 دسمبر کو اپنے مختصر فیصلے میں پرویز مشرف کو سزائے موت سناتے ہوئے کہا تھا کہ سابق صدر پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔
بعد ازاں خصوصی عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف سے متعلق عدالتی فیصلے پر افواج پاکستان میں شدید غم و غصہ اور اضطراب پایا جاتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے اپنی ٹویٹ میں مزید کہا تھا کہ پرویز مشرف آرمی چیف، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور صدر مملکت رہے اور انہوں نے 40 سال سے زیادہ پاکستان کی خدمت کی ہے۔