منی لانڈرنگ کا الزام: ایف آئی اے نے اعجاز الحق کو طلب کرلیا

منی لانڈرنگ کا الزام: ایف آئی اے نے اعجاز الحق کو طلب کرلیا
سابق آرمی چیف اور سابق صدر ضیاء الحق کے بیٹے اعجاز الحق کو  1.8 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کے الزام میں ایف آئی اے نے طلب کرلیا۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے مسلم لیگ ضیا کے صدر  اور سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی و اقلیتی امور اعجاز الحق کو 21 فروری کو  فیصل آباد آفس میں طلب کیا ہے۔

ایف آئی کے کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اعجازالحق پر 1.8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ اور آمدن سے زیادہ اثاثے رکھنے کا الزام ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اعجاز الحق کا کیس نیب کی جانب سے ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا ہے اور ان کے خلاف 1.8 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی تحقیقات ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں تفتیش جوائنٹ انکوائری ٹیم کرے گی۔