Get Alerts

عوام نے مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ لیا: زرداری، فضل الرحمان اور نواز شریف کا موقف

عوام نے مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ لیا: زرداری، فضل الرحمان اور نواز شریف کا موقف
پنجاب اسمبلی کے الیکشن میں شکست کے بعد اتحادی حکومت کے قائدین میاں نواز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے رابطہ کیا ہے۔ تینوں کا موقف سامنے آیا ہے کہ عوام نے بڑھتی مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف، زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلی فون کے ذریعے رابطہ کیا گیا۔ اس میٹنگ میں پنجاب میں ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد کی حکمت علی کا جائزہ لیا گیا۔

گفتگو کے دوران تینوں رہنماؤں نے جلد عام انتخابات کروانے سے متعلق تجاویز پر غور کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔

اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ میں تو شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہ تھا۔ حکومتی اتحاد کے تینوں قائدین نے اتفاق کیا کہ عوام نے بڑھتی مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ لیا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف نے واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی ہے۔ تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔

الیکشن کمیشن کو موصول ہونے والے نتائج کے مطابق 20 حلقوں میں مجموعی طور پر ووٹ ڈالنے کی شرح 49.69 فیصد رہی۔ تحریک انصاف 46.08 فیصد ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ مسلم لیگ ن 39.05 فیصد ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی۔

اس کے علاوہ آزاد امیدواروں نے 7.7 فیصد ووٹ حاصل کئے اور تحریک لبیک پاکستان 5 فیصد ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ  20 حلقوں میں ٹوٹل ووٹرز کی تعداد 45 لاکھ 79 ہزار 898 تھی۔ ضمنی انتخابات میں 175 امیدواروں نے حصہ لیا۔