Get Alerts

خیبرپختونخوا کا بجٹ پیش: ماہانہ 10 ہزار روپے کمانے والے شخص پر بھی ٹیکس لگانے کی تجویز

خیبرپختونخوا کا بجٹ پیش: ماہانہ 10 ہزار روپے کمانے والے شخص پر بھی ٹیکس لگانے کی تجویز
نئے مالی سال 20-2019 کے لیے خیبر پختونخوا اسمبلی میں تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ پیش کردیا گیا جس کا حجم 900 ارب روپے ہے، جس میں 10 ہزار روپے کمانے والوں پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ ریٹائرمنٹ کی کم سے کم عمر بھی بڑھا دی گئی۔

ان تجاویز میں 10 سے 20 ہزار روپے کمانے والے پر 3 سو 30 روپے، 20 سے 50 ہزار روپے کمانے والے پر 350 روپے، 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے کمانے والے پر 6 سو روپے، ایک سے 2 لاکھ روپے تک کمانے والوں پر 8 سو روپے، 2 سے 5 لاکھ روپے تک کمانے والوں پر ایک ہزار روپے ٹیکس کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

وزیرخزانہ خیبرپختونخوا تیمور سلیم خان جھگڑا نے صوبائی اسمبلی میں بجٹ پیش کیا اور تقریر کے دوران کہا کہ خیبرپختونخوا کے بجٹ میں پہلی مرتبہ قبائلی اضلاع بھی شامل ہیں۔

اپنی تقریر کے دوران انہوں نے ریٹائرمنٹ کی عمر کی حد بڑھانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبے کو سالانہ 20 ارب روپے کی بچت ہوسکے گی۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ صوبے نے بھی وفاق کی طرح ماہانہ اجرت بڑھا کر کم سے کم 17 ہزار 500 روپے کردی ہے۔  بجٹ اجلاس سے قبل صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے بجٹ تجاویز کی منظوری دی۔