سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے اب صوبہ پنجاب میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا اور سب کیساتھ مل کر کام کروں گا۔ میں عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ آئندہ حکومت پیپلز پارٹی ہی بنائے گی۔ میں پورا پورا شیئر لوں گا۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں پیپلز پارٹی کے رہنمائوں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ میں اشرف بارا کو پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں نے آئندہ سے پنجاب میں بیٹھنا ہے اور اپنے کارکنوں کو عزت دینی ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ میں نے لاہور کے علاقے گلبرگ میں شفٹ ہونے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ بحریہ ٹائون میں میرے کارکنوں کو آنے میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ سفید جھوٹ ہے کہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کی حکومت ختم ہو چکی ہے۔
ملک کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری تو جب ضرورت پڑتی ہے تو تب ہماری بات سنی جاتی ہے، ویسے کب ہماری سنتے ہیں۔ انوکھے لاڈلے کی 4 سالہ کارکردگی کی وجہ سے عوام کو شدید مہنگائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مجھے اگر حکومت کرنے کا موقع ملا تو پاکستان کو 110 ڈگری کے زاویے پر بدل دوں گا۔
سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کرنے والوں میں نادیہ شاہ، روبینہ سہیل بٹ، ایڈون سہوترا، صداقت شیروانی، مانی پہلوان، مدثر شاکر، نسیم صابر، اسلم گڑا، اشرف بارا، انجم بٹ، حافظ غلام محی الدین، امجد جٹ، عاطف رفیق، علامہ یوسف اعوان، تنویر اشرف کائرہ، رانا جمیل منج، افنان صادق بٹ، حاجی عزیز الرحمن چن، فیصل میر، چودھری اشرف، اسرار الحق بٹ، اسلم گل، ثمینہ گھرکی اور رانا فاروق سعید سمیت دیگر شامل تھے۔