’’ایگ بوائے‘‘ کے دنیا بھر میں چرچے

قانونی امداد کے لیے ہزاروں ڈالر جمع، آسٹریلوی وزیراعظم بھی حمایت میں بول پڑے

مسلمان مخالف آسٹریلوی سینیٹر فریسر ایننگ کو انڈا مارنے والا نوجوان راتوں رات دنیا کی مقبول ترین شخصیات میں شامل ہو گیا ہے جس کے لیے ان دنوں دنیا بھر میں عطیاتی مہم چل رہی ہیں تاکہ وہ اپنے قانونی کارروائی کے اخراجات پورا کرنے کے علاوہ مزید انڈے  بھی خرید سکے۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشت گرد حملوں میں 49 افراد کی شہادت کے بعد سینیٹر فریسر ایننگ نے ان حملوں کی ذمہ داری مسلمان پناہ گزینوں پر عائد کرتے ہوئے مسلمانوں کو دنیا بھر میں دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیا تھا اور مذہب اسلام پر بھی تنقید کی تھی۔

https://youtu.be/Y-BT5X6RF3c

اس دوران ایک سفید فام نوجوان اپنے موبائل سے ویڈیو بناتے ہوئے آسٹریلیا کے اس نسل پرست سینیٹر کے قریب آیا اور اس کے سر پہ انڈا دے مارا جس پر فریسر ایننگ نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا لیکن قریب کھڑے کچھ لوگوں نے سینیٹر کو قابو کر لیا تاہم دو لوگ نوجوان پر تشدد کرتے رہے۔

نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرنے کے کچھ دیر بعد رہا کر دیا تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق نوجوان کی جانب سے نسل پرست سینیٹر کو انڈا مارنے کے اقدام کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر زبردست پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور ہیش ٹیگ ’’ ایگ بوائے" ٹرینڈ کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیوزی لینڈ، دو مساجد میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات، 49 افراد ہلاک

اجتماعی عطیات یا کرائوڈ فنڈنگ کی دو مختلف ویب سائٹوں پر انڈا مارنے والے نوجوان کے لیے رقم جمع کی گئی ہے جس کا مقصد قانونی کارروائی کرنے کی صورت میں نوجوان کو مالی مدد فراہم کرنا ہے۔



’’گو فنڈ می‘‘ نامی ویب سائٹ پر ’’منی فار ایگ بوائے‘‘ کے عنوان سے قائم کیے گئے فنڈ کے تحت اب تک 32 ہزار ڈالر جمع کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کیوی وزیراعظم کی سیاہ لباس اور دوپٹہ اوڑھ کر مسلمانوں سے تعزیت

یہ مہم شروع کرنے والے شخص کا کہنا ہے، لوگ حیران ہو رہے ہیں کہ یہ رقم ایگ بوائے کے پاس کیسے جائے گی؟ وہ اس حوالے سے فیس بک پر ایگ بوائے کے ساتھ ہونے والی گفتگو دیکھ سکتے ہیں۔

کچھ ہی ثانیوں بعد انہوں نے لکھا کہ میری فون پر ایگ بوائے سے بات ہوئی ہے جو اس فنڈ سے جمع کی گئی رقم کا ایک بڑا حصہ کرائسٹ چرچ حملوں کے متاثرین کو بھیجنا چاہتے ہیں۔

ایک دوسری کرائوڈ فنڈنگ ویب سائٹ پر اب تک تین ہزار پانچ سو 13 ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

ٹویٹر پر بھی ایگ بوائے کے چرچے ہیں جیسا کہ معروف امریکی اداکارہ نینسی لی نے ٹویٹ کی: کیا ایگ بوائے غیر شادی شدہ ہے؟

https://twitter.com/NancyLeeGrahn/status/1106965343036014592

آسٹریلوی وزیراعظم سکاٹ موریسن بھی ایگ بوائے کی حمایت میں بول پڑے، انہوں نے تجویز پیش کی کہ انڈا مارنے والے لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنانے پر سینیٹر کے خلاف مقدمہ درج کیا جانا چاہئے۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں نماز جمعہ کے وقت ہونے والے دہشت گرد حملوں میں 49 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔