Get Alerts

زمان پارک میں پولیس کا آپریشن ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے

زمان پارک میں پولیس کا آپریشن ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے
عمران خان اسلام آباد کی عدالت میں پیشی کے لئے روانہ ہوئے تو ان کی غیر موجودگی میں زمان پارک پر پنجاب پولیس نے دھاوا بول دیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے حالات سے کچھ نہیں سیکھا۔ جو کچھ ماضی میں سب سے مقبول سیاست دان شیخ مجیب الرحمن کے ساتھ ان کی رہائش گاہ دھان منڈی میں کیا گیا تھا وہی کچھ عمران خان کے گھر زمان پارک میں کیا گیا ہے۔ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔ عمران خان کی شریک حیات بشریٰ بی بی چند خواتین کے ساتھ گھر میں موجود تھیں۔ یہ پولیس گردی کا بدترین مظاہرہ ہے۔ محسن نقوی اور عامر میر کی نگران حکومت جو کچھ زرداری اور شریفوں کے ایما پر کر رہی ہے وہ تاریخ میں سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔ ان دونوں صحافیوں نے مکس اچار حکمران اتحاد کے منصوبے کا حصہ بن کر اپنے کردار پر جو سیاہ دھبہ لگایا ہے وہ سینکڑوں برساتوں کے بعد بھی نہیں دھل سکتا۔

جب گزشتہ روز عمران خان لاہور ہائی کورٹ میں پیش یو گئے تھے، وہاں پنجاب حکومت اور تحریک انصاف کے وکلا کے درمیان طے ہو گیا تھا کہ اگلے روز عمران اسلام آباد عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیشن جج کا وارنٹ بھی منسوخ کر دیا تھا اور اگلے روز اپنے بیان کے عین مطابق عمران خان زمان پارک سے اسلام آباد جانے کے لیے نکل پڑے۔ اس کے بعد زمان پارک پر یہ آپریشن بلاجواز تھا۔ یہ ریاستی دہشت گردی کی ایک بدترین مثال ہے۔ اس کے بہت خوفناک نتائج برآمد ہوں گے۔

عامر میر جو نگران وزیر اطلاعات ہیں انہوں نے خیبر پختونخوا سے آئے تحریک انصاف کے کارکنوں کے بارے میں جو الفاظ کہے ہیں وہ قابل مذمت ہیں۔ پنجاب کے ایک وزیر کی جانب سے دوسرے صوبے خیبر پختونخوا کے سیاسی کارکنوں کو دہشت گرد قرار دینا قابل مذمت اور شرم ناک ہے۔ پاکستان میں انسانی حقوق کا واویلا کرنے والوں کا زمان پارک آپریشن پر خاموش تماشائی بنے رہنا ایک تشویش ناک عمل ہے۔ اس سے پہلے نام نہاد انسانی حقوق کے علم بردار ارشد شریف کی شہادت اور عمران ریاض، شاہد اسلم، جمیل فاروقی، اعظم سواتی اور شہباز گل کی گرفتاری پر بھی خاموش رہے تھے۔ یوں ان نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں کا بُغضِ عمران خان نمایاں ہو چکا ہے۔ آج کے بعد ان کی کسی دوسری بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جائے گا۔

اس ساری صورت حال میں اب انصاف کی آخری امید پاکستان کی اعلیٰ عدلیہ ہی رہ جاتی ہے کیونکہ مکس اچار حکمران اتحاد اور ان کے سہولت کار کھل کر سامنے آ چکے ییں۔ وہ جان چکے ہیں کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے الیکشن میں ان کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔ وہ کسی قیمت پر بھی الیکشن نہیں کروانا چاہتے اور کھل کر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ہوا میں اڑا رہے ہیں۔ اگر اب بھی سپریم کورٹ نے اپنے احکامات پر عمل درآمد نہ کرایا اور تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو ان کی انتخابی مہم نہ چلانے دی تو وطن عزیز میں انارکی پھیل جائے گی اور آج کے بعد قانون اور آئین پاکستان طاقتور سیاسی افراد اور ان کے سہولت کاروں کے گھر کی لونڈی بن کر رہ جائے گا۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔