وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد جام کمال، یار محمدرند اور ظہور بلیدی نے جمع کروائی۔ رکن بلوچستان اسمبلی يارمحمدرند کا کہنا ہے کہ ہمارے نمبرز پورے ہيں، عبدالقدوس بزنجو کيخلاف تحريک عدم اعتماد کامياب ہوگی۔
واضح رہے کہ عبدالقدوس بزنجو گذشتہ سال اکتوبر میں سابق وزیراعلیٰ جام کمال کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد بلامقابلہ بلوچستان کے 18 ویں وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے تھے۔
ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی اور عبدالقدوس بزنجو اپنی مدت پوری کریں گے۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان ميں سياسی معاملات کے حوالے سے تحفظات تھے، ہم نے اميد رکھی کہ بلوچستان کے حالات بہترہوں گے ورنہ ہميں کوئی شوق نہيں کہ کوئی حکومت اس طرح جائے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ باربارکہا بلوچستان سے زيادتی کونظر انداز نہيں کرسکتے، وفاق ميں عدم اعتماد کے موقع پر بھی مختلف جماعتوں سے رابطہ ہوا، تمام جماعتوں کو کہا بلوچستان کی بہتری کيلئے آپ نے ہماراساتھ دينا ہے۔
سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان ميں امن و امان کی صورتحال خراب ہے اور بد امنی کے اثرات سندھ تک پہنچ رہے ہيں۔
یارمحمد رند کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا مسئلہ اس وقت آنے والے بجٹ کا ہے چونکہ بلوچستان حکومت پر کرپشن کے الزامات ہیں اس لئے بجٹ سے پہلےعدم اعتماد کی تحریک لانا چاہتے ہیں۔