پاکستان نے قرض کے حصول کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کو مشکل فیصلے کرنے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
یہ یقین دہانی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے کرائی گئی ہے۔ انہوں نے دوحہ میں منعقدہ آئی ایم ایف کے اجلاس میں بذریعہ انٹرنیٹ شرکت کی اور حکام سے کہا کہ معاہدے کے مطابق اہداف اور اصلاحات پورے کریں گے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل مذاکرات میں شرکت کیلئے اگلے ہفتے دوحہ جائیں گے، حکومت قرض پروگرام کی تکمیل تک آئی ایم ایف سےتعاون جاری رکھنےکی خواہاں ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق فریقین نے ساتویں اقتصادی جائزےکی کامیابی سےتکیمل کی خواہش ظاہرکی اور آئی ایم ایف کے ساتھ اگلے ہفتے معاہدہ طے پانے کا امکان ہے۔
وزیرخزانہ نے پروگرام کے تحت تجویزکردہ اصلاحات اوردیگر اقدامات مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان پروگرام کی کامیابی سے تکمیل تک آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پردستخط کیلئے پرامید ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت موجودہ معاشی مشکلات کو سمجھتی ہے، متوسط اورکم آمدنی گروپوں پرافراط زرکے اثرات کوکم کرنےکے ساتھ سخت فیصلےکرنے ہوں گے۔ معاشی صورتحال کوبری طرح متاثرکرنے والے چند عوامل حکومت کے قابو سے باہر ہیں۔
دوسری جانب امریکا نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ خوشحال اور مستحکم پاکستان کی تعمیر کے لئے سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع بڑھانے کے طریقوں پر دوطرفہ طور پر کام جاری رکھے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا، پاکستان کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ جاری مذاکرات کا بھی خیر مقدم کرتا ہے۔