نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی، وزیراعظم آفس کو بالاخر سمری موصول

نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی، وزیراعظم آفس کو بالاخر سمری موصول
نجی ٹیلی وژن کی اینکر عاصمہ شیرازی نے اپنی ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم آفس کو بالاخر آج 18 اکتوبر کو خفیہ ادارے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے نئے سربراہ کیلئے سمری موصول ہو گئی ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 6 اکتوبر کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ کور کمانڈ کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو نیا ڈی جی آئی ایس آئی لگایا گیا ہے۔

https://twitter.com/asmashirazi/status/1450077197973266436?s=20

اسی دوران پاک فوج میں اعلیٰ سطح پر مزید تبادلے بھی ہوئے تھے جس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 14 اکتوبر کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا کہ نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا عمل جلد مکمل ہوجائیگا۔ ایک مخصوص طبقہ اس معاملے پر جو کھیل کھیلنا چاہتا تھا وہ ناکام ہو چکا ہے۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1448575650772705283?s=20

انہوں نے ٹویٹ میں لکھا کہ اب کہا جا رہا ہے وزیر اعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے انٹرویو کریں گے۔ ان عہدوں پر تعیناتی سے قبل ملاقات ایک عمومی روایت ہے۔ ایسے عمل کو بھی متنازعہ بنانا انتہائی نامناسب ہے۔