لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم پاک فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ مقرر

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم پاک فوج کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ مقرر
راولپنڈی: لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلے اس اہم عہدے پر تعینات لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ذمہ داریاں تبدیل کرتے ہوئے ان کی پوسٹنگ بطور کور کمانڈر پشاور کر دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کوارٹر ماسٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کور کمانڈر کراچی اور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔ ان تمام تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دی۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو اپریل 2019ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے جون 2019ء میں آئی ایس آئی کا سربراہ بنایا گیا تھا۔ پاک فوج کے اس اہم عہدے پر تعیناتی سے قبل وہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید راولپنڈی میں ٹین کور کے چیف آف سٹاف، پنوں عاقل میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اور آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلیجنس (سی آئی) سیکشن بھی رہ چکے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو پاک فوج اور وطن کیلئے گراں قدر خدمات کے صلے میں صدرِ پاکستان ہلالِ امتیاز ملٹری کے اعزاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم راولپنڈی کے ضلع گوجر خان میں کوندریالہ کے علاقے مہرا شیخون سے تعلق رکھتے ہیں۔

آئی ایس آئی کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم اس اہم عہدے سے قبل کور کمانڈر کراچی تعینات تھے، اس کے علاوہ انہوں نے بطور کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ انھیں گزشتہ ماہ ستمبر 2019ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا تعلق پاکستان ملٹری اکیڈمی کے 78ویں لانگ کورس اور پنجاب رجمنٹ سے ہے۔ انہوں نے بلوچستان فرنٹیئر کور (شمالی) میں بطور انسپکٹر جنرل اور ہنگو میں ایک بریگیڈ کے کمانڈر کے طور پر بھی کام کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم برطانیہ کی رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز کے گریجویٹ ایشیا پسیفک سینٹر فار سیکیورٹی اسٹڈیز ہنولولو سے بھی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔