پنوعاقل میں گھر کے سربراہ نے بیوی، بچیوں، بھابھی اور بھتیجیوں سمیت گھر کے 11 افراد کو قتل کردیا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
سکھر ضلع کی تحصیل پنوعاقل کے کینٹ تھانے کی حدود کے گاؤں محمد حسن انڈھڑ میں وہاب اللہ انڈھڑ نامی شخص نے تیز دھار آلے سے اپنی بیوی، چار بیٹیوں اقرا، اسرہ، ثریا، حاجانی، تین بیٹوں محمد احسن، محمد اسد، ایک سالہ بیٹے، بہو نسیم زوجہ حبیب اللہ، پوتی بے بی نازیہ اور پوتے علی شیر سمیت گھر کے 11 افراد کو اس وقت قتل کردیا جب وہ گھر میں سو رہے تھے۔
گھر کے دیگر افراد جب صبح اٹھے تو ان 11 افراد کو مردہ حالت میں پایا اور واقعہ کی اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا ہے۔
مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے پنوعاقل ہسپتال پہنچا دی گئی ہیں جہاں پر ان کا پوسٹ مارٹم جاری ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے علاقہ میں پہنچ کر جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور آئی جی سندھ سے اس واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
پولیس کے مطابق قتل ہونے والوں میں 6 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے تاہم اس سے تفتیش کررہے ہیں۔