Get Alerts

میرے ساتھ پنجابی میں بات کیوں کی؟ خاتون کی ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی

میرے ساتھ پنجابی میں بات کیوں کی؟ خاتون کی ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی
قانون کی خلاف ورزی پر گاڑی روکنے اور پنجابی میں بات کرنے پر خاتون برہم، ٹریفک پولیس اہلکار سے  بدتمیزی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون ٹریفک پولیس اہلکار پر صرف اس لیے چلا رہی ہے کہ اس اہلکار نے اس سے پنجابی میں بات کی جبکہ ٹریفک پولیس اہلکار خاتون کو سہمے ہوئے انداز میں چپ کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔

ویڈیو بنانے والے شخص نے خاتون سے چلانے کی وجہ پوچھتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کیا بدتمیزی ہوئی ہے جس پر خاتون نے چلاتے ہوئے کہا کہ اس اہلکار نے مجھ سے پنجابی میں کہا ’’میڈم جی آپ ذرا ہم سے آرام سے شیشہ نیچے کر کے بات کر لیں‘‘ خاتون نے انگریزی میں کہا یہ ہوتا کون ہے مجھ سے اس طرح بات کرنے والا۔ اس نے مجھ سے بدتمیزی کی ہے اور اسے مجھ سے معافی مانگنی چاہیے۔

خاتون کی اس بات پرویڈیو بنانے والے شخص نے کہا کہ یہ اہلکار آپ سے کچھ مانگنا چاہ رہے تھے کیا مانگنا چاہ رہے تھے جس پر خاتون نے کہا مانگنا نہیں چاہ رہے تھے انہوں نے مجھ سے پنجابی میں بات کی انہیں مجھ سے مہذب زبان میں بات کرنی چاہیے تھی یہ کوئی طریقہ نہیں ہوتا۔ خاتون کی اس بات پر ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا اب جو آپ اتنا اونچا اونچا چیخ رہی ہیں؟ جس پر خاتون نے کہا تو کیا میں چیخوں گی نہیں ایک لڑکی سے اس طرح مسلم ملک میں بات کرو گے تو لڑکی غصے میں نہیں آئے گی تو کیا کرے گی۔

ویڈیو بنانے والے شخص نے کہا آپ یہ تو بتائیں اس اہلکار نے پنجابی میں آپ سے کہا کیا ہے گالی تو نہیں دی نا؟ تاہم اس سوال کا جواب دینے کے بجائے خاتون نے کہا اس ملک میں عورتوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں آپ لوگوں کو بات کرنا نہیں آتی۔

ان باتوں کے دوران ایک اور ٹریفک اہلکار نے وہاں آ کر صورتحال واضح کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ یہ خاتون گاڑی چلاتے ہوئے موبائل پر بات کر رہی تھی جس پر ہم نے کہا کہ موبائل نیچے رکھ دیں جس پر خاتون نے گاڑی روک کر ہم پر چلانا شروع کر دیا۔ خاتون نے اہلکار کی بات کاٹ کر کہا میرے پاس ابھی بھی موبائل ہے اب بولو موبائل نیچے کر لو۔

ویڈیو میں موجود خاتون کی حرکتوں پر سوشل میڈیا صارفین نہایت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ دراصل یہ احساس کمتری کا شکار لوگ ہیں جنہیں اپنی زبان بولنے میں شرم محسوس ہوتی ہے اور انگریزی زبان بولنے میں فخر کرتے ہیں۔