Get Alerts

میشا شفیع- علی ظفر کیس: عفت عمر کی جرح دوسری مرتبہ بھی مکمل نہ ہوسکی

میشا شفیع- علی ظفر کیس: عفت عمر کی جرح دوسری مرتبہ بھی مکمل نہ ہوسکی
گلوکار علی ظفر کی جانب سے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف دائر کیے گئے ہتک عزت کے کیس میں مسلسل تیسری سماعت کے دوران بھی اداکارہ عفت عمر کی جرح مکمل نہ ہوسکی۔

عفت عمر پہلی مرتبہ عدالت میں 12 دسمبر 2020 کو پیش ہوئی تھیں، جس کے بعد کیس کی سماعت 19 دسمبر کو ہوئی، مگر اس میں بھی عفت عمر کی جرح مکمل نہ ہوسکی۔

عفت عمر کی جرح مکمل کرنے کے لیے 6 جنوری 2021 کو سماعت ہونی تھی مگر بعض وجوہات کی بنا پر سماعت نہ ہوسکی تھی اور 19 جنوری کو ہونے والی سماعت میں عفت عمر سے جرح کی گئی مگر وہ مکمل نہ ہوسکی اور عدالت نے انہیں اگلی سماعت پر دوبارہ طلب کرلیا۔

ہتک عزت کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امتیاز علی کی سربراہی میں ہوئی، جس میں عفت عمر گلوکارہ میشا شفیع کے وکلا کے ہمراہ پیش ہوئیں۔طویل سماعت کے باوجود بھی عفت عمر کی جرح مکمل نہ ہوسکی اور عدالت نے دونوں فریقین کی رضامندی سے یکم فروری تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے عفت عمر کو طلب کرلیا۔

عفت عمر سے قبل میشا شفیع اور ان کی والدہ صبا حمید بھی اپنے بیانات ریکارڈ کروا چکی ہیں۔