پہلی بار علی ظفر نے سسرالیوں کے گھر پارٹی میں’چھوا‘: میشا شفیع

گلوکارہ میشا شفیع نے اداکار علی ظفر کی جانب سے دائر کیے گئے ہتک عزت کے کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ علی ظفر نے انہیں ایک بار نہیں بلکہ متعدد بار ’جنسی طور پر ہراساں‘ کیا۔ میشا شفیع نے انکشاف کیا کہ علی ظفر نے انہیں پہلی مرتبہ اپنے سسرالیوں کے گھر ہونے والی ایک چھوٹی تقریب کے دوران ہراساں کیا۔

گلوکارہ میشا شفیع بیان ریکارڈ کرانے اپنی والدہ اداکارہ صبا حمید کے ساتھ تیسری بار ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی عدالت میں پیش ہوئیں، انہوں نے 3گھنٹے سے زائد وقت تک بیان ریکارڈ کرایا۔


گلوکارہ کے مطابق انہوں نے بہت عرصے تک ایک ساتھ پرفارم کرنا تھا لیکن وہ اس رویے کو مزید برداشت نہیں کرسکتی تھیں۔


https://www.youtube.com/watch?v=VuAVgyV8-v8

انہوں نے بیان دیا کہ وہ علی ظفر کے سسرالیوں کے ہاں ہونے والی تقریب میں اپنے شوہر کے ساتھ گئی تھیں، تاہم ان کے شوہر گھر کے باہر ہی اپنے قریبی دوستوں سے ملنے کے لیے رک گئے اور وہ اندر چلی گئیں، جہاں پہلی بار ان کے ساتھ نامناسب واقعہ پیش آیا۔

میشا شفیع نے دعویٰ کیا کہ علی ظفر کے سسرالیوں کے گھر میں دیوار کے ساتھ ایک اور دروازہ تھا، جہاں علی ظفر کھڑے تھے اور وہ ان سے ملنے گئیں تو گلوکار نے انہیں چھوا۔  میشا شفیع کے مطابق ان دونوں کے سامنے والی سائڈ پر اور لوگ بھی موجود تھے جب کہ ان کی پچھلی سائیڈ پر ایک کاونٹر اور دیوار تھی جہاں پر کوئی بھی نہیں تھا اور اگر کوئی وہاں ہوتا تو انہیں ضرور دیکھتا۔

گلوکارہ نے بتایا کہ وہ اس وقت بہت پریشان و حیران ہوئیں اور وہاں سے چلی گئیں اور باہر گراونڈ میں کھڑے اپنے شوہر کو بتایا تو بھی بہت حیران اور پریشان ہوگئےِ اور انہوں نے اندر جا کر بات کرنا چاہی مگر انہوں نے اپنے شوہر کو ایسا کرنے سے روک دیا۔ میشا شفیع نے عدالت کو بتایا کہ وہ ڈر گئی تھیں، ان کے شوہر تربیت یافتہ باکسر ہیں اور وہ اس لیے بھی پریشان تھیں کہ ان کا اور علی ظفر کا نام عوام میں کیسا ہے؟

https://www.youtube.com/watch?v=Ns0q2lHHLgM

گلوکارہ نے اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ پہلے واقعہ کے بعد انہوں نے یہ سب معاف کرنا اور بھول جانا چاہا اور بچوں اور میاں بیوی کے تعلق کی وجہ سے انہوں نے علی ظفر کی اہلیہ کو یہ بات نہیں بتائی۔

احاطہ عدالت میں میشا شفیع نےمیڈیا کو بتایا کہ انہیں ڈرانےاوردباؤ میں لانے کے لیے کیس فائل کیا گیا ہے ،ہراسانی کے الزامات لگانے کے بعد ان کاکافی مالی نقصان بھی ہوچکا ہے۔

عدالت نے کیس پر مزیدسماعت 20 دسمبر تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پرمزید گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔

میشا ، علی ظفر تنازع

واضح رہے 19 اپریل 2018 کو میشا شفیع نے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

میشا شفیع کا کہنا تھا کہ جنسی ہراسانی پر بات کرنا آسان نہیں لیکن اس پر خاموش رہنا بھی بہت مشکل ہے، میں خاموش رہنے کے کلچر کو توڑوں گی جو معاشرے میں سرائیت کرچکا ہے۔

گلوکار و اداکار علی ظفر نے میشا شفیع کی جانب سے ہراساں کرنے کے الزامات کی تردید کر تے ہوئےکہا تھا کہ میں الزام کا جواب الزام سے نہیں دوں گا بلکہ میشا شفیع کے خلاف عدالت جاؤں گا اور مجھے پورا یقین ہے کہ سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے۔

علی ظفر کی جانب سے ہراسانی کا الزام لگانے پر میشا شفیع پر 100 کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔