ہالینڈ میں احمد وقاص گورایہ کے قتل کی سازش میں گرفتار ملزم کو اقبالِ جرم کے لئے تین ماہ کا وقت

ہالینڈ میں احمد وقاص گورایہ کے قتل کی سازش میں گرفتار ملزم کو اقبالِ جرم کے لئے تین ماہ کا وقت
ہالینڈ میں مقیم پاکستان شہری وقاص گورایہ کو قتل کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار برطانوی پاکستان شہری کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سکاٹ لینڈ یارڈ کی انسداد دہشت گردی کمانڈ یونٹ اور ڈچ حکام کی تحقیقات کے بعد کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) نے برطانوی پاکستانی شہری محمد گوہر خان پر ہالینڈ میں مقیم پاکستانی شہری اور سوشل میڈیا کارکن احمد وقاص گورایہ کے قتل کی سازش کا مقدمہ درج کیا تھا۔

برطانوی پولیس نے ڈچ پولیس کے کہنے پر ملزم کو 24 جون کو لندن سے گرفتار کیا تھا جب کہ 28 جون کو اس کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ بنا دیا گیا تھا۔ ڈچ حکام کے مطابق ملزم 16 فروری کو پہلی مرتبہ ہالینڈ آیا اور اس کے بعد 24 جون تک اس نے متعدد مرتبہ ہالینڈ کا سفر کیا، جہاں اس نے ہالینڈ میں موجود احمد وقاص گورایہ کے بارے میں معلومات لینے کی کوشش کی۔ تاہم، پیشگی اطلاع پر ہالینڈ پولیس احمد وقاص گورایہ کو 12 فروری کو ہی دوسرے مقام پر منتقل کر چکی تھی۔

ملزم گوہر خان 24 جون کو ہالینڈ سے واپس برطانیہ پہنچا تو اسے ڈچ حکام کی اطلاع پر برطانوی پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ملزم چار گھنٹوں بعد ہی ضمانت پر رہا ہو گیا لیکن اگلے روز کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے ملزم گوہر خان کو گرفتار کیا اور 28 جون کو اس پر مقدمہ بنا دیا گیا۔

ملزم گوہر خان کو پہلے 29 جون کو مجسٹریٹ کے آگے پیش کیا گیا جہاں اسے 3 ہفتوں کے لئے ریمانڈ پر بھیج دیا گیا تھا۔ تین ہفتوں بعد ملزم کو آج ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ستمبرتک کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کے لئے حکم دے دیا ہے۔ ملزم گوہر خان کو 29 اکتوبر کو دوبارہ پیش کیا جائے اور انہیں پیشکش کی جائے گی کہ وہ اقبالِ جرم کر لے۔ اگر اس نے اقبالِ جرم کر لیا تو 4 یا 11 جنوری کو اسے سزا سنا دی جائے گی۔

تاہم، اگر اس نے صحتِ جرم سے انکار کیا تو جنوری ہی میں مقدمہ شروع کر دیا جائے گا۔