Get Alerts

نواز شریف کی پاکستانی سیاست میں جلد واپسی ہوگی، پی ٹی آئی رہنما فخر امام کا اہم بیان

نواز شریف کی پاکستانی سیاست میں جلد واپسی ہوگی، پی ٹی آئی رہنما فخر امام کا اہم بیان
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ سید فخر امام نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بانی و سابق وزیراعظم نواز شریف حکمت عملی کے تحت خاموش ہیں اور وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ طویل عرصے تک پاکستان کی سیاست میں رہیں گے۔

منگل کو سما ٹی وی کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو طرح کی سیاست ہے، ایک سٹریٹجی اور ایک ٹیکٹک۔ شریف خاندان ٹیکٹس کے ساتھ کھیل رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان ایک طویل وقت تک سیاست میں رہنے کی کوشش کر رہا ہے اور وہ اس کوشش میں کامیاب ہوں گے، کیوں کہ ان کی پوری جماعت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

جب وفاقی وزیر سے پوچھا گیا کہ ابھی نواز شریف منظرعام پر کیوں نہیں ہیں تو انہوں نے کہا کہ یہ پہلے بھی ہوچکا ہے۔ 1999 اور 2007 میں قومی سیاست میں دوبارہ ابھرنے کے لیے نواز شریف منظرعام سے غائب ہو گئے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگلے 6 مہینوں میں ہم دیکھیں گے کہ سیاست کہاں جارہی ہے۔

ملک میں موجودہ صورتحال اور حکمران جماعت پی ٹی آئی کی کرونا وائرس سے مقابلہ کرنے میں کی جانے والی کوششوں کے بارے میں سید فخر امام نے کہا کہ آخر کار وقت گزرتا جاتا ہے، لیکن کارکردگی پر سوال کیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ سید فخر امام کا تبصرہ ان کی پارٹی کے دیگر ساتھیوں سے مختلف ہے، کیونکہ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان اور دیگر حکومتی ارکان کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف کا سیاسی کیریئر ختم ہوگیا ہے، جبکہ فخر امام نے پیشگوئی کی ہے کہ مسلم لیگ ن کے بانی کچھ عرصے بعد سیاست میں واپس آجائیں گے۔