نگران پنجاب حکومت نے 9 مئی فسادات کے شرپسندوں کی غیرمعمولی سہولت کاری کرنے پر ایک جج کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سیکرٹری قانون، سی سی پی اولاہور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،کمشنر لاہور ڈویژن، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آئی جی جیل خانہ جات، چیف آپریٹنگ آفیسر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
تمام ڈویژنل کمشنر اور آر پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں 9 مئی کے واقعات، شرپسندوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں واقعات میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کرنیوالے افراد کیلئے نقدانعامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس کے شرکا نے آئی ایس آئی دفتر پر حملے کے نامزد ملزمان کی غیرقانونی سہولت کاری پر اظہار تشویش کیا اورشرپسندوں کوغیرمعمولی سہولت کاری پر ایک جج کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس کے شرکا کا کہناتھا کہ نامزد ملزمان کی سہولت کاری انصاف کے قتل کے مترادف ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ کمشنر لاہور کی سربراہی میں مذاکراتی ٹیم آج زمان پارک جائے گی ۔
نگران وزیراعلیٰ نے شرپسندوں کے خلاف درج کیسز کی بھرپور پیروی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ مفرور شرپسندوں کی جلدازجلد گرفتاری یقینی بنائی جائے۔ آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ 9مئی کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ مذموم منصوبہ بندی کے تحت دہشت گردی کی گئی۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔