سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی حکومت کا برقرار رہنا ملکی سالمیت کے خطرہ قرار دے دیا

سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی حکومت کا برقرار رہنا ملکی سالمیت کے خطرہ قرار دے دیا
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کرپشن کی داستانیں عام ہو گئی ہیں، حکومت کا رہنا ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا موجودہ حکومت ملک کو تباہی کی طرف لے آئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کی تقریر جھوٹ کا پلندہ ہے، صدر مملکت آئینی عہدے کا جواز کھو بیٹھے ہیں، کرپشن کی داستانیں عام ہو گئی ہیں، حکومت کا رہنا ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے۔

سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کی باتیں ہو رہی ہیں جو کے کھڑے ہو کر نہیں سن سکتے تھے۔ اگر پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے کارکن کی طرح ہاں میں ہاں ملانی ہے تو پھر یہ صدر مملکت کا خطاب نہیں بلکہ پی ٹی آئی کے کسی کارکن کا خطاب ہوسکتا ہے، جس میں ایک بات میں بھی حقیقت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی خارجہ پالیسی کہاں کھڑی ہے، پاکستان دنیا میں تنہائی کا شکار ہے، شاید پہلی دفعہ ہوا ہے کہ حکومت اور بیوروکریسی، حکومت اور عوام، حکومت اور کاروباری حضرات دو مختلف علاقوں میں کھڑے ہیں جہاں ان کا ایک دوسرے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

پارلیمنٹ سے واک آؤٹ کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے بالکل درست فیصلہ کیا، ہمارے پاس دو راستے تھے، ہم وہاں بیٹھ کر وہ تمام باتیں سنتے جن کا حقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے یا پھر پاکستان کے عوام کو دھوکا دینے کی باتیں وہاں بیٹھ کر سنتے۔ پاکستان کے ساتھ جو جھوٹ بولا جائے کیا اس کو سنتے، پاکستان کے ساتھ صریحاً دھوکا ہورہا ہے، پاکستان کے نوجوانوں، عام لوگوں کے ساتھ دھوکا ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ سب نہیں سن سکتے تھے اس لیے پارلیمنٹ سے باہر آئے ہیں اور عوام کو کہنا چاہتے ہیں کہ یہ جو خطاب ہورہا ہے صرف پارلیمانی ضرورت کے علاوہ اس کی کوئی وقعت نہیں ہے۔