کوالالمپورسمٹ کے اعلامیے کے مطابق اب ترکی اور ملائیشیا کے علاوہ قطر مل کر چینل بنائیں گے۔
"We are also looking into establishing a TV channel which would be a collaborative effort between Turkey, Qatar and Malaysia."
— KL Summit 2019 (@kl_summit) December 20, 2019
واضح رہے کہ جب اسلام فوبیا کے مقابلے کے لیے چینل بنانے کی تجویز پیش کی گئی تھی تو اعلان ہوا تھا کہ پاکستان، ملائیشیا اور ترکی مل کر یہ چینل بنائیں گے۔ تاہم اب تازہ اطلاعات کے مطابق پاکستان کو اس منصوبے سے الگ کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب کے بعد دورہ ملائیشیا منسوخ کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اسلام فوبیا سے مقابلے کے لیے سہ ملکی چینل بنانے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ان کی رجب طیب اردوان اور مہاتیر محمد سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں انھوں نے فیصلہ کیا ہے کہ مشترکہ طور پر ایک انگریزی چینل شروع کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے مزید لکھا تھا کہ انگریزی زبان کے چینل کا مقصد اسلام فوبیا کا مقابلہ کرنا ہے، اور دنیا کو اسلام کے بارے میں آگاہی دینا ہے، چینل کا مقصد عظیم مذہب اسلام کے بارے میں غلط تاثر کا خاتمہ ہے۔
انھوں نے کہا تھا ایسی تمام غلط فہمیوں کا ازالہ کیا جائے گا جو لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف یک جا کرتی ہیں۔