Get Alerts

خبردار!سیاح مری نہ جائیں، برفانی طوفان کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا

خبردار!سیاح مری نہ جائیں، برفانی طوفان کا خدشہ، محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کردیا
سیاحتی مقام مری میں دوبارہ شدید برفانی طوفان آنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے سیاحوں کیلئے خطرناک الرٹ جاری کرتے ہوئے انھیں وہاں نہ جانے کی سختی سے ہدایات کر دی گئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بروز ہفتہ مورخہ 22 جنوری سے پیر 24 جنوری تک مری اور اس کے ملحقہ علاقوں، شمالی علاقہ جات، کشمیر اور گلیات سمیت کئی مقامات پر شدید برفباری اور بارشیں ہو سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا نیا سلسلہ جمعہ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو گا جس کے باعث جمعہ کی (شام/رات) سے پیر (صبح) کے دوران اسلام آباد، مری، کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات، مالاکنڈ، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، باجوڑ، کرم ،وزیرستان، کوہاٹ، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاء الدین، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، لاہور اور قصور میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعہ (شام/رات) سے ہفتہ کے روز ڈیرہ اسماعیل خان، اوکاڑہ، ساہیوال، پاکپتن،ڈیرہ غازی خان، لیہ، راجن پور، ملتان، خانیوال اور بہاولنگر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران کوئٹہ، زیارت،بارکھان، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ، نوکنڈی، دالبندین اور نوشکی میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ہفتہ اور اتوار کو مری، گلیات، ناران، کاغان، ہنزہ، گلگت، سکردو، استور، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، وادی نیلم، باغ، حویلی اور راولا کوٹ میں چند مقامات پر درمیانی اور شدید برفباری متوقع ہے۔

ممکنہ اثرات:

ہفتہ اور اتوار کو شدید برفباری کے باعث مری، گلیات، نتھیا گلی، کاغان، ناران، دیر، سوات، چترال، استور، سکردو، ہنزہ، گلگت، نیلم ویلی، باغ اور حویلی کے اضلاع میں رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔ سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ویک اینڈ کے دوران تیز بارش کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور خیبر پختونخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔